فیسکو نے ”اپنا میٹر اپنی ریڈنگ”پروگرام کا آغاز کردیا

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری اور چیف ایگزیکٹو فیسکو انجنئیر محمد عامر کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں فیصل آباد الیکٹر ک سپلائی کمپنی(فیسکو) نے ”اپنا میٹر، اپنی ریڈنگ” پروگرام کا آغازکر دیا ہے جو کہ وزیراعظم پاکستان کے ویژن ”ڈیجیٹل پاکستان” کی عملی تصویر ہے، جس کے ذریعے عوامی شعبے میں شفافیت، کارکردگی اور احتساب کو یقینی بنایا جارہا ہے ۔اس سلسلے میں فیسکو ترجمان نے بتایا کہ”اپنا میٹر، اپنی ریڈنگ” صارفین بجلی کے لیے خود ریڈنگ جمع کرانے کیلئے حکومت پاکستان کاایک جدید اورانقلابی اقدام ہے ۔ اس پروگرام کا بنیادی مقصد بجلی کے صارفین کو خود اپنی میٹر ریڈنگ جمع کرانے کا اختیار دینااورانھیں بااختیاربنانا ہے۔ اس اقدام کے تحت موبائل ایپلیکیشن ”پاور اسمارٹ ایپ” کے ذریعے صارفین اپنی بجلی کی ریڈنگ خود جمع کرا سکتے ہیں، جس سے نہ صرف شفافیت میں اضافہ، زائد بلنگ کے خاتمے میں مدد ملے گی۔انھوں نے کہا کہ پاور سمارٹ موبائل ایپلیکیشن گوگل پلے اسٹور (Android) یا ایپ اسٹور (iOS) سے ڈاؤن لوڈ کی جا سکتی ہے ۔ صارف اپنا کنزیومر آئی ڈی اور دیگر مطلوبہ معلومات درج کر کے ایپ پر رجسٹر ہونے کے بعد اس کے فیچر”اپنا میٹر، اپنی ریڈنگ”سے مقررہ تاریخ پر اپنے بجلی کے میٹر کی تصویر لے کر ایپ کے ذریعے اپلوڈ کر سکتے ہیں۔اس ایپ کے ذریعے جمع کرائی گئی صارف کی میٹر ریڈنگ کی تصویر کو اس ڈسٹری بیوشن کمپنی کی اسی بلنگ سائیکل میں لی گئی ریڈنگ کی تصویرپر فوقیت دی جائے گی، یعنی صارف کی بھیجی گئی ریڈنگ کو حتمی سمجھا جائے گااوربعدازاں صارف کی اپلوڈ کی گئی ریڈنگ کی بنیاد پراس کا ماہانہ بل تیار کیا جائے گااور بل پر تصویر کے ساتھ اپنا میٹر اپنی ریڈنگ بھی لکھا جائے گا۔”اپنا میٹر، اپنی ریڈنگ”کے عملی نفاذ سے اوور بلنگ، ریڈنگ کی غلطیوں اور بلنگ میں تاخیر کو کم کرنے میں بھی مدد مل رہی ہے ۔ انھوں نے مزید کہا کہ جو صارفین پروٹیکٹیڈ کیٹگری میں شامل ہیں ان کیلئے یہ ایپ نہایت مفید ہے، کیونکہ ان کی ریڈنگ کی مقررہ تاریخ پر تصویر اپلوڈ ہونے سے وہ نان پروٹیکٹیڈ کیٹگری میں شامل ہونے سے بچ جائیں گے ۔ فیسکو انتظامیہ نے صارفین بجلی سے اپیل کی ہے کہ بجلی میٹر پر ریڈنگ کی تصویر لیتے وقت میٹر اور بجلی کی تاروں کو چھوئے بغیر مناسب فاصلہ سے سیفٹی اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اس ایپ کا استعمال کریں کیونکہ صارفین کی سیفٹی فیسکو کی اولین ترجیح ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں