30

فیسکو ٹاسک فورس ٹیم پر بجلی چوری میں ملوث 2افراد کی فائرنگ

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)بجلی چوری میں ملوث مشتبہ دونامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے انچارج ٹاسک فورس ٹیم فیسکو گوجرہ ڈویژن ملک بابر حسین LFMـIکو شدید زخمی کردیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔اسے مقامی ہسپتال میں داخل کرایاگیا لیکن بعدازاں زخموں کی نوعیت شدید ہونے کی بناء پراسے الائیڈ ہسپتال فیصل آباد ریفر کردیاگیا۔چیف ایگزیکٹو فیسکو انجینئر بشیراحمد،جی ایم آپریشن رانا ایوب اور دیگر افسران نے واقعہ کی شدید مذمت کی اور ہسپتال میں ان کی عیادت کی اورانہیں پھول پیش کئے۔واقعات کے مطابق گزشتہ روز انچارج ٹاسک فورس ٹیم فیسکو گوجرہ ڈویژن ملک بابر حسین LFMـIبجلی چوری کی چیکنگ کے بعد اپنے گھر واپس جارہا تھا کہ راستے میں دو نامعلوم افراد موٹرسائیکل پر اس کے راستے میں آئے اور اس پر پستول سے فائرنگ کردی اسے 2گولیاں ٹانگ میں لگیں اور وہ زخمی ہوگیا جس کے نتیجہ میں اس کی ٹانگ بری طرح فریکچر ہوگئی۔اسے فوری طور پر ٹی ایچ کیو ہسپتال گوجرہ لے جایا گیا جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد اسے علاج کے لیے الائیڈ ہسپتال فیصل آباد منتقل کر دیا گیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔شبہ ہے کہ اس وقعہ کے پیچھے بجلی چورملوث ہیں جبکہ پولیس واقہ کی تحقیقات کررہی ہے۔چیف ایگزیکٹو فیسکو انجینئر بشیراحمداورجی ایم آپریشن رانا ایوب نے کہا ہے حکومت پاکستان کی ہدایت پر بجلی چوری کے خلاف خصوصی مہم جاری ہے جس میں چیکنگ کے دوران ایسے واقعات قابل مذمت ہیں۔بجلی چوروں کی طرف سے ایسے تمام تر اوچھے ہتھکنڈوں کے باوجود فیسکو سٹاف کا مورال بلند ہے اور وہ فیسکو ریجن سے آخری بجلی چور کے پکڑے جانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔چیف ایگزیکٹو فیسکو نے مزیدکہا ہے کہ اعلیٰ حکام سے رابطہ کیاجارہا ہے تاکہ آئندہ ایسے واقعات کااعادہ نہ ہو۔ایس ای ٹوبہ سرکل افضل کاٹھیہ نے کہا ہے کہ سٹاف کا مورال بلند ہے اور آخری بجلی چور پکڑے جانے تک مہم جاری رہے گی۔اس واقعہ میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں