فیسکو کی نااہلی،بجلی کی تاروں میں شارٹ سرکٹ سے لاکھوں روپے کا کپڑا جل گیا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پانچ نمبر، سٹاپ ڈی ٹائپ کالونی، گول کے قریب واقع علاقے میں حفیظ ہسپتال کے نزدیک بجلی کی تاروں میں ہونے والے شدید شارٹ سرکٹ نے خوفناک آگ کو جنم دیا ، جس کے نتیجے میں کپڑوں سے بھرے متعدد ٹرک آگ کی لپیٹ میں آ گئے۔ عینی شاہدین کے مطابق آگ اس قدر شدید تھی کہ پلک جھپکتے ہی لاکھوں روپے مالیت کا کپڑا جل کر راکھ ہو گیا۔ متاثرہ ٹرکوں میں مختلف اقسام کا تیار اور نیم تیار کپڑا موجود تھا، جو مقامی مارکیٹ میں سپلائی کے لیے تیار کیا گیا تھا، ریسکیو 1122کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پانے کے لیے ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا۔ متعدد فائر بریگیڈ کی گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف رہیں تاہم تاحال کوئی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی لیکن کروڑوں روپے کے مالی نقصان کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ علاقہ مکینوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کی خستہ حال تاروں کی فوری مرمت کی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں