فیس بک اکائونٹ ہیک ہونے پرکیا کرنا چاہیے؟

لاہور (بیوروچیف) فیس بک اکائونٹس ہیک ہونا ایک بڑھتا ہوا مسئلہ ہے جو کسی کے ساتھ بھی پیش آ سکتا ہے۔فوربز کے مطابق ہیکرز جب آپ کی لاگ اِن ڈیٹا اور ذاتی معلومات حاصل کر لیتے ہیں تو وہ اکائونٹ پر قبضہ کر کے آپ کو لاگ اِن سے باہر کر سکتے ہیں۔اس کے بعد وہ نہ صرف آپ بلکہ آپ کے دوستوں اور اہل خانہ کو بھی دھوکہ دے سکتے ہیں۔ بلیک میلنگ اور فراڈ کر سکتے ہیں اور اگر آپ نے وہی پاس ورڈ دوسری ویب سائٹس پر بھی استعمال کر رکھے ہوں تو آپ کی بینکنگ معلومات تک بھی رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔ماہرین کے مطابق اگر آپ کو شبہ ہے کہ آپ کا فیس بک اکائونٹ ہیک ہو گیا ہے تو چند اقدامات فوری کرنے کی ضرورت ہے۔جب اکائونٹ ہیک ہو جائے تو اکثر سب سے پہلا اشارہ یہ ہوتا ہے کہ آپ لاگ اِن کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور اکائونٹ تک رسائی نہیں ملتی۔اس کے علاوہ پروفائل فوٹو، تاریخ پیدائش یا لوکیشن میں تبدیلی بھی ہیک ہونے کی علامت ہو سکتی ہے۔ کئی بار دوست یا اہل خانہ آپ کو مطلع کرتے ہیں کہ آپ کے اکائونٹ سے انہیں غیرمعمولی پیغامات یا رقم مانگنے کی درخواستیں موصول ہو رہی ہیں۔اگر آپ نے لاگ اِن الرٹس فعال کیے ہوں تو فیس بک بھی آپ کو مشکوک سرگرمی کی اطلاع دے سکتا ہے۔ماہرین کہتے ہیں کہ اگر ایسا کچھ ہو جائے تو آپ کو گھبرانے کی ضرورت نہیں۔ عموما معاملہ جلد حل ہو جاتا ہے اور اکائونٹ واپس حاصل کیا جا سکتا ہے۔اگر آپ لاگ اِن نہیں کر پا رہے تو فیس بک کے ایک مخصوص ہیلپ پیج کے ذریعے اکائونٹ ریکور کیا جا سکتا ہے جو چند دنوں میں حل ہو جاتا ہے۔اگر آپ اب بھی اپنے اکائونٹ تک رسائی رکھتے ہیں تو سیٹنگز میں جا کر پاس ورڈ اور سکیورٹی سیکشن کھولیں۔ وہاں آپ دیکھ سکتے ہیں کہ کن ڈیوائسز پر آپ کا اکائونٹ لاگ اِن ہے۔اگر کوئی غیرمتعلقہ ڈیوائس نظر آئے تو اس پر کلک کر کے سکیور اکائونٹ منتخب کریں اور اسے لاگ آٹ کر دیں۔ اس کے بعد فورا نیا پاس ورڈ سیٹ کریں۔اکثر لوگ ایک ہی پاس ورڈ مختلف سائٹس پر استعمال کرتے ہیں۔ ہیکرز آپ کے فیس بک کا پاس ورڈ لے کر ای میل یا بینک اکائونٹ تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔اس لیے بہتر ہے کہ اپنے تمام پاس ورڈز بدلیں اور انہیں مضبوط بنائیں۔ کیپیٹل اور سمال لیٹرز کا مجموعہ، گنتی اور مخصوص علامات استعمال کریں اور پاس ورڈ مینیجر کے ذریعے محفوظ رکھیں۔اجنبی افراد کی فرینڈ ریکوسٹ قبول کرنے سے گریز کریں، مشکوک لنکس نہ کھولیں اور جہاں ممکن ہو ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورک (وی پی این) استعمال کریں تاکہ آپ کی معلومات محفوظ رہیں۔اگر آپ کا اکائونٹ ہیک ہو گیا ہے تو اپنے دوستوں اور اہل خانہ کو اطلاع دینا بھی ضروری ہے تاکہ وہ ہیکرز کے جھانسے میں نہ آئیں۔ہیکرز آپ کے خاندان اور دوستوں کو آپ کے نام سے پیغامات بھیج کر ذاتی معلومات یا پیسے مانگ سکتے ہیں۔ اپنے کانٹیکٹس کو خبردار کریں کہ مشکوک لنکس نہ کھولیں اور اپنی پرائیویسی سیٹنگز مزید محفوظ بنائیں۔ماہرین کے مطابق زیادہ تر صورتوں میں فیس بک اکائونٹ دوبارہ حاصل کیا جا سکتا ہے اور اس میں موجود تصاویر، پوسٹس اور کانٹیکٹس محفوظ رہتے ہیں۔صرف ان صورتوں میں اکائونٹ بند کیا جا سکتا ہے جب طویل عرصے تک غیرفعال رہا ہو یا آپ کی ملکیت ثابت نہ ہو سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں