9

فیصلہ کن مرحلہ آگیا،حکومت اہم قانون سازی کیلئے تیار

اسلام آباد (بیوروچیف) آئندہ اوائل مہینہ اڈیالہ جیل راولپنڈی عمران نیازی کا مسکن نہیں رہے گا اسے صوبے کی کسی دوسری جیل میں منتقل کردیا جائے گا،اب اڈیالہ جیل سے جو پیغامات ارسال کئے جارہے ہیں اس میں غیر مشروط معافی کا سندیسہ بھی شامل ہے،۔عمران نے فوج کے سامنے سپراندازی کا پیغام بھیج دیا ہے ۔پیغام کو بعد از وقت قرار دیدیا گیا۔ قومی اسمبلی کا اجلاس طے شدہ شیڈول سے ایک ہفتہ قبل طلب کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے پارلیمانی کیلنڈر کی رو سے اجلاس 5 اگست کو ہونا تھا اب اسے 29جولائی کو بلایا جارہا ہے۔ اجلاس ملک میں جاری سیاسی آویزش کے حوالے سے فیصلہ کن اقدامات کا حصہ ہے جس میں ملکی پارلیمنٹ ان تدابیر کی منظوری دے گی جو بعض اداروں کی پیدا شدہ خرابیوں کو پاما ل کردیں گی اور پیش آمدہ دنوں میں بعض دوسری کارروائیوں کو ملا کر قومی سطح پر حالات کو پورے طور پر قابو میں لے آیا جائے گا۔ وفاقی دارالحکومت کے حد درجہ قابل اعتماد ذرائع نے نشاندہی کی ہے کہ قومی اسمبلی کے آئندہ ہفتے طلب کئے جارہے اجلاس میں وہ بم شیل چلادیا جائے گا جس سے ملکی نظام پر غیر آئینی حوالے دیکر مسلط ہونے کی کارروائیاں غیر موثر ہوجائیں گی قانون و آئین کے ماہرین نے اس سلسلے میں مسودات مرتب کرلئے ہیں جنہیں وہ بوجوہ سینے سے لگا کر رکھ رہے ہیں اور حکومت کی منظوری کے ساتھ ہی انہیں عام کردیا جائے گا۔ ذرائع نے یاد دلایا ہے کہ تحریک انصاف کو صورتحال کا بڑی حد تک ادراک ہوچکا ہے اس کے طرفدار ریٹائرڈ شددماغوں نے عمران نیازی کو مشورہ دیاہے کہ وہ آخری کوششیں کر ڈالیں تاکہ اپنی اور تحریک کے تحفظ کو یقینی بناسکیں عمران دو روز سے مسلسل فوج کو اپنی سپراندازی کے پیغامات ارسال کررہاہے جبکہ فوجی قیادت نے اس میں صاف طور پر عدم دلچسپی کا اس تاثرکے ساتھ اظہار کیا ہے کہ وہ سیاسی معاملات میں دخیل نہیں ہوگی عمران فوج کی اس اعلی ترین شخصیت کو بڑی لجاجت سے پیغام دینے کی کوشش کررہا ہے جس کے بارے میں وہ دریدہ دہنی کا مرتکب ہوتا رہاہے اور محض دو روز قبل تک اس کے لائق تعظیم اہل خانہ کو اپنی ہرزہ سرائی کا ہدف بنارہا تھا اس کے ڈیجیٹل دہشت گرد رات دن اس مذموم مہم میں حصہ لے رہے ہیں جنہیں عمر ان کی طرف سے لگاتار ہدایات مل رہی ہیں۔ ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ تحریک انصاف اور عمران نیازی کو غیر رسمی طور پر آگاہ کردیا گیا ہے کہ آئندہ اوائل مہینہ اڈیالہ جیل راولپنڈی عمران نیازی کا مسکن نہیں رہے گا اسے صوبے کی کسی دوسری جیل میں منتقل کردیا جائے گا تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ اسے ملٹری جیل میں ڈال دیا جائے گا۔ عمران نے اپنے دور حکومت میں چھبیس شہریوں کے جو غیر فوجی تھے ملٹری عدالتوں میں مقدمات چلائے تھے اور اعلی عدلیہ میں شہریوں کے ملٹری ٹرائل کی وکالت کی تھی۔ عمران فوجی تحویل میں جانیسے بری طرح خوفزدہ ہے جس کے خلاف اسے عدالت سے بھی تحفظ نہیں مل سکا۔ مجوزہ کارروائیوں سے یہ تاثر زائل ہوجائے گا کسی ایک ادارے کی جائز و ناجائز حمایت سے کوئی شخص انصاف کے تقاضوں کو شکست دے سکتا ہے۔ فوجی تحویل میں آئے ملزموں اور مجرموں کے لئے قیام اور خوراک کا وہ مینو نہیں ہوتا جو عام حوالات اور جیل میں مقرر ہوتا ہے ملٹری کورٹس میں زیر سماعت مقدمات کے ملزموں کے ساتھ برتائو ان کے جرائم کی سنگین نوعیت کو پیش نظر رکھ کر عمل میں لایا جاتا ہے ایسے ملزموں سے ان کے اعزہ و اقارب کی ملاقاتیں کسی دوسرے ادارے کی ہدایات کے تحت نہیں کرائی جاتیں اس کا نظام الاوقات ملٹری حکام خود وضع کرتے ہیں ملزموں کی انسانی ضرورت کی آسائشیں فراہم کی جاتی ہیں انہیں رکھے جانے کا مقام خفیہ رکھا جاتا ہے ملزموں سے تفتیش کرنے کے لئے جدید ترین سائنسی اصولوں کو بروئے کار لایا جاتا ہے اور ان کے لئے یہ ممکن ہی نہیں رہتا کہ وہ کسی بات کو چھپا سکیں یا جھوٹ سے کام لے سکیں۔ ذرائع نے واضح کیا ہے کہ دنیا بھر میں فوجی اہلکار جنہیں تفتیش کی تربیت دی جاتی ہے جس طریق کار کواختیار کرتے ہیں ان کا قانون نافذ کرنے والے شہری اداروں کا اتہ پتہ ہی نہیں ہوتا۔ بعض اوقات اس تفتیش سے ملزم کا ذہنی توازن بھی متاثر ہوجاتا ہے یہی وجہ ہے کہ اب اڈیالہ جیل سے جو پیغامات ارسال کئے جارہے ہیں اس میں غیر مشروط معافی کا سندیسہ بھی شامل ہے جسے متعلقہ حلقے اب بعد از وقت قرار دے رہے ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ حکومتی صفوں میں بے چینی اور اعلی سطح پر اختلافات کی قیاس آرائیاں بے بنیاد اور غلط ثابت کرنے کے لئے آئندہ دنوں میں عملی اقدامات کئے جائیں گے ملکی معیشت کے ضمن میں عوامی پریشانیوں سے حکومت اور اسکے بہی خواہ پیشگی آگاہ تھے جن سے جنم لینے والی امکانی بے چینی تحریک انصاف کے لئے امید کا باعث تھا اس کا لگاتار احتجاج کرنے اور اس کے لئے عام شہریوں کو باہر نکالنے میں ناکام رہنے کے بعد وہ اس بھاری پتھر کو چوم کر چھوڑ رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں