فیصل آبادپریس کلب اور یونین آف جرنلسٹس کے زیر اہتمام یوم آزادی صحافت ریلی کا انعقاد

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد پریس کلب اور فیصل آباد یونین آف جرنلسٹس ورکرز کے زیر اہتمام تین مئی عالمی یوم آزادی صحافت کے حوالے سے ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ جس کی قیادت سیکرٹری جنرل پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس ورکرز /صدر فیصل آباد پریس کلب شاہد علی نے کی ۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آزادی صحافت کو سلب کرنا جمہوری اقدار کے منافی ہے ۔ صحافیوں کو پیشہ ورانہ آزادی اور تحفظ دیئے بغیر ایک مضبوط معاشرہ تشکیل نہیں دیا جا سکتا۔ ہم ہر فورم پر آزادی اظہار رائے اور صحافیوں کے حقوق کیلئے جنگ جاری رکھیں گے۔ تین مئی اس عزم کی تجدید ہے کہ ہم آزادی صحافت کیلئے ہر محاذ پر ڈٹ کر کھڑے ہیں ۔ پیکا ایکٹ جیسے سیاہ قوانین کو مسترد کرتے ہیں جو آزادی اظہار رائے پر قد غن لگانے کی مذموم کوشش ہے۔ ہم حکومت وقت کو باور کرواتے ہیں کہ صحافت پر پابندیاں لگانے والے خود تاریخ کے کٹہرے میں کھڑے ہونگے۔ سیکرٹری پریس کلب سید عزادار حسین عابدی نے کہا کہ جو صحافی میدان میں ہیں وہ قوم کی آنکھ اور کان ہیں ان کی زبان بندی ان کی زبان بندی قوم کی آنکھیں بند کرنے کے مترادف ہے فیصل آباد یونین آف جرنلسٹس ورکرز کے جنرل سیکرٹری شوکت علی وٹو نے کہا کہ ورکنگ جرنلسٹ بد ترین معاشی حالات اور عدم تحفظ کا شکار ہیں حکومت وقت ان مسائل کو سنجیدگی سے لے اور فوری اقدامات کرے۔ صدر سوشل میڈیا جرنلسٹ میاں منور اقبال نے کہا کہ صحافت کوئی آسان میدان نہیں سچ بولنے کی قیمت کبھی روزگار ‘ کبھی آزادی اور کبھی جان سے ادا کی جاتی ہے۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے میاں ندیم احمد ‘ رانا محسن فاروق ودیگر مقررین نے بھی آزادی اظہار رائے ‘ صحافیوں کے مسائل اور میڈیا کی آزادی پر زور دیتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ آزادی اظہار رائے ہمارا آئینی حق ہے اور ہم اس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ ریلی میں جوائنٹ سیکرٹری پریس کلب ندیم جاودانی ‘ایگز یکٹو ممبران پریس کلب شاہد محمود ‘ ارشد انصاری ‘ سعید طاہر ‘ علی ملک ‘ توفیق یوسف ‘ نادر حسین مان ‘ نعیم شاکر ‘ افشاں بتول ‘ رانا حنا جمیل’ کمال بٹ ‘ سینئر نائب صدر پاکستان وویمن جرنلسٹس فورم منیبہ فاطمہ ‘ ایگز یکٹو ممبران وویمن جرنلسٹس فورم مریم منیر ‘ شازیہ نعیم سمیت فیصل آباد پریس کلب اور فیصل آباد یونین آف جرنلسٹس ورکرز کے ممبران کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں