فیصل آباد بورڈ نے انٹربورڈ فٹبال ٹورنامنٹ جیت لیا

فیصل آباد (سپورٹس نیوز) کمشنر وچیئرمین بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کی ہدایت،سیکرٹری بورڈ ڈاکٹر حبیب الرحمن کی زیرنگرانی و ڈائریکٹر سپورٹس تعلیمی بورڈ فیصل آباد نگہت نورین کی زیرقیادت آئی بی سی سی کے زیراہتمام ملتان بورڈ میں ہونے والے آل پاکستان انٹر بورڈ فٹ بال ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والی تعلیمی بورڈ فیصل آباد کی ٹیم نے فائنل میچ میں لاہور بورڈ کو پچھاڑ کر چیمپئن شپ اپنے نام کرلی۔ٹورنامنٹ میں ملک بھر کے 16بورڈز کی ٹیموں نے شرکت کی، دلچسپ و سنسنی خیز مقابلوں کے بعد فائنل میچ روایتی حریف لاہور بورڈ اور فیصل آباد بورڈ کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا جس میں دونوں ٹیموں نے جیت کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگایا تاہم فیصل آباد بورڈ نے اپنا شاندارکھیل پیش کرتے ہوئے مقابلہ صفر ایک سے جیت کر پہلی،لاہور بورڈ نے دوسری اور بنوں بورڈ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔اختتام پر سیکرٹری ملتان بورڈ خرم قریشی نے جیتنے والی ٹیموں کو انعامات سے نوازتے ہوئے کہا کہ یہ ایونٹ نہ صرف کھیلوں کے فروغ کا ذریعہ بنے گا بلکہ بورڈوں کے مابین ہم آہنگی و دوستی کے مضبوط رشتے استوار کرنے میں بھی معاون ثابت ہو گا۔ نگہت نورین نے ٹورنامنٹ کے بہترین و شاندار انعقاد پر ملتان بورڈ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ انشا اللہ تعالی آئندہ بھی اسی جذبہ اور معیار کے ساتھ ایسے ایونٹس کا انعقاد ہوتا رہے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں