فیصل آباد سمیت ملک بھر میں یوم تشکر منایا گیا (اداریہ)

”آپریشن بنیان المرصوص” میں دشمن کی عددی برتری کو عسکری مہارت سے شکست دینے اور معرکہ حق میں تاریخی فتح پر فیصل آباد سمیت ملک بھر میں یوم تشکر بھرپور ملی وقومی جوش وجذبہ سے منایا گیا افواج پاکستان کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا گیا وفاقی دارالحکومت میں 31صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی دی گئی ملک بھر میں مساجد اور گھروں میں قرآن خوانی اور خصوصی دعائیں کی گئیں، پاک آرمی کے چاک وچوبند دستے نے نعرہ تکبیر، اﷲ اکبر کے فلک شگاف نعرے لگائے فوجی جوانوں نے پاکستان کی سلامتی اور بقاء کیلئے خصوصی دعائیں مانگیں آپریشن بنیان المرصوص کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے لواحقین سے خصوصی ملاقاتیں کی گئیں نمازجمعہ میں بھی پاکستان کی سلامتی خوشحالی کے لیے دعائوں کا اہتمام کیا گیا یوم تشکر کی مرکزی تقریب اسلام آباد میں ہوئی وزیراعظم محمد شہباز شریف تقریب کے مہمان خصوصی جبکہ مسلح افواج کے سربراہان چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی بھی تقریب کا حصہ تھے کراچی میں مزار قائد پر یوم تشکر کے حوالے سے پروقار تقریب کا آغاز کیاگیا جس کے مہمان خصوصی کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل اویس دستگیر تھے، لاہور میں مزار اقبال پر یوم تشکر کی پُروقار تقریب ہوئی جس کے مہمان خصوصی گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر تھے مولانا عبدالخبیر آزاد نے دعا کرائی’ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سندھ سیکرٹریٹ میں پرچم کشائی کی اور معرکہ حق ریلی میں شرکت کی’ خیبر پی کے میں بھی جوش وجذبہ سے یوم تشکر منایا گیا’ قومی ہیروز کے مزارات پر عوام نے حاضری دی اور خراج عقیدت پیش کیا بلوچستان میں بھی یوم تشکر منایا گیا’ آزاد جموں وکشمیر’ بلتستان میں بھی تقریبات ہوئیں یوم تشکر کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے خصوصی پیغامات جاری کئے اور عظیم کامیابی پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا وزیراعظم ہائوس میں منعقدہ تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا 6اور 7مئی کی درمیانی شب بھارت نے بزدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان پر حملہ کر دیا معصوم اور بے گناہ شہریوں کی شہادت پر ہم کو جوابی کارروائی کرنا پڑی ہمارے شاہینوں نے دشمن پر کاری ضرب لگائیں یہ ہمارا دندان شکن جواب تھا بہادر افواج نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیکر عسکری تاریخ کا سنہرا باب رقم کیا دشمن کے فوجی اڈے اسلحہ کے انبار اور ائیربیسز دیکھتے ہی دیکھتے کھنڈرات بن گئے بھارتی رافیل شاہینوں کے نشانے پر آئے قوم سیسہ پلائی دیوار کی طرح مسلح افواج کے شانہ بشانہ رہے ہمارے شاہینوں نے چند گھنٹوں میں بھارت کو سبق سکھا دیا’ وزیراعظم نے کہا میں افواج پاکستان کے ان تمام شہداء کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے معرکہ حق کی تکمیل میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا وزیراعظم نے کہا میں اس موقع پر اپنی قوم کی طرف سے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں کہ جن کی دانشمندانہ اور دلیرانہ قیادت میں یہ عظیم معرکہ سر ہوا، میں اس کے ساتھ ساتھ چیف آف ائیرسٹاف ظہیر بابر اور ان کے شاہینوں کو بڑی گرمجوشی سے شاباش دیتا ہوں جنہوں نے ہمارے سر فخر سے بلند کر دیئے ہیں میں پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں جن کی قیادت میں پاکستان نیوزی پاکستان کے سمندری پانیوں کی حفاظت کرتی رہی انہوں نے کہا میں تمام اتحادی واپوزیشن جماعتوں سمیت ملک بھر کی سیاسی قیادت اور پارلیمان بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے بے مثال اتحاد اور تاریخی یگانگت کا مظاہرہ کیا،، وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پر فتح مبین اور یوم تشکر منانے کی ہدایت پر ملک بھر کی طرح فیصل آباد میں بھی جوش وجذبہ سے یوم تشکر منایا گیا حکومت پنجاب کی ہدایت پر معرکہ حق میں فوج کی تاریخی فتح پر ڈویژنل انتظامیہ کی زیرسرپرستی مرکزی تقریب کا انعقاد کیا گیا ضلع کونسل میں کمشنر مریم خان’ آر پی او ذیشان اصغر’ ڈی سی ندیم ناصر نے پرچم کشائی کی سابق اراکین قومی وصوبائی اسمبلی فقیر حسین ڈوگر’ میاں عبدالمنان’ نجمہ افضل’ اجمل آصف’ سرکاری افسران’ سول سوسائٹی کی شخصیات سکولوں کے طلبہ اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔ بعدازاں کمشنر’ آر پی او’ ڈپٹی کمشنر کی قیادت میں ریلی نکالی گئی جس میں شرکاء نے پاکستان زندہ باد’ پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے جبکہ فیصل آباد ڈویژن میں نماز فجر کے بعد مساجد میں قرآن خوانی اور شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی گئی فیصل آباد سمیت ملک بھر میں یوم تشکر سے قوم کے ان جذبات کا اظہار ہوا جو ان کے اندر اپنی افواج اور سیاسی قیادت سے ہے بلاشبہ ہماری قوم ہمیشہ اپنی افواج کے شانہ بشانہ رہی ہے اور آئندہ بھی رہے گی اﷲ تعالیٰ کی مدد سے ہماری مسلح افواج نے اپنے سے کئی گنا بڑی فوج اور اسلحہ کے انبار رکھنے والے ازلی دشمن بھارت کو شکست دی اس شکست کی گونج عالمی طور پر سنائی دی بھارت نے اپنے آقائوں کی مدد سے جنگ بندی کرائی بھارت کو اب ہوش میں آ جانا چاہیے کہ وہ ہمارے جذبہ ایمانی کو شکست نہیں دے سکتا بہتر یہ ہے کہ وہ مذاکرات کے ذریعے پاکستان کے ساتھ تنازعات کو حل کرے اگر اس نے چالاکی اور مکاری دکھائی تو پھر اس کا بندوبست کرنے میں ہماری افواج دیر نہیں کریں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں