35

فیصل آباد شہر میں کلین سویپ کرنیوالی PTI کا چھوٹا سا احتجاجی مظاہرہ

فیصل آ باد(وقائع نگار خصوصی)جنرل الیکشن میں فیصل آ باد شہر میں کلین سویپ کرنے والی پاکستان تحریک انصاف کے نو منتخب ارکان اسمبلی الیکشن دھاندلی کے خلاف بہت بڑا احتجاجی مظاہرہ کرنے میں ناکام’ چوک گھنٹہ گھر میں دو نو منتخب ایم این ایز اور 1ایم پی اے نے درجنوں افراد کے ساتھ مل کر احتجاج کر کے خانہ پوری کر دی۔ باقی 11نو منتخب ارکان اسمبلی کہیں پر بھی نظر نہیں آئے۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی قیادت کی کال پر ملک بھر میں 17فروری کو الیکشن میں دھاندلی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے گئے’ فیصل آباد میں 8فروری کو جنرل الیکشن میں تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں نے کلین سویپ کیا تھا’ شہر کی 4قومی اسمبلی اور 9صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر پی ٹی آئی کے حمایتی ارکان کامیاب ہوئے تھے مگر الیکشن جیتنے کے بعد یہ ارکان اسمبلی خاموش ہو چکے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ گزشتہ روز کے احتجاجی مظاہرے میں دو نو منتخب ارکان قومی اسمبلی چنگیز احمد خان کاکڑ ‘میاں محمد علی سرفراز اور رکن صوبائی اسمبلی ملک اسماعیل سیلا نے حصہ لیا۔ باقی دو ایم این ایز اور 8ایم پی ایز غائب رہے۔ کلین سویپ کرنے سے قبل فیصل آباد میں تحریک انصاف نے ہر موقع پر بھرپور احتجاجی مظاہرے کئے ہیںمگر لگتاہے کہ اب ان کو جیت راس نہیں آئی اس لئے وہ رام کی نیند سو گئے ہیں۔ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ پارٹی قیادت نے غیر حاضر رہنے والے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں