فیصل آباد شہر میں1ارب10کروڑ کی لاگت سے واسا کی3اسکیموں کی منظوری

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے فیصل آباد شہر میں ایک ارب10کروڑ روپے کی لاگت سے واسا کی تین سکیموں پر عملدرآمد کی منظوری دے دی جس سے تقریبا5 لاکھ سے زائد آبادی کے سیوریج مسائل حل ہونگے۔ڈی ڈی ڈبلیو پی نے میڈیکل اینڈ کارڈیک ایمرجنسی بلاک ڈی ایچ کیو جھنگ کی بھی منظوری دی۔واسا فیصل آباد کی طرف سے شہر کے مختلف علاقوں میں سیوریج سسٹم کی بحالی،ڈرینج سسٹم کی اپ گریڈیشن اوربجلی کی بچت کے لئے لفٹ/ڈسپوزل اسٹیشنز کو ختم کرنے کی سکیمیں آئندہ 15ماہ کی مختصر مدت میں مکمل کی جائیں گی۔کمشنر فیصل آبادمریم خان کی زیر صدارت ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں 33کروڑ روپے سے شاداب کالونی،محمد پورہ،بدر کالونی، دارالاحسان ٹان، تلیہ والا سمیت جھنگ روڈ اور نڑوالا روڈ کی ملحقہ آبادیوں میں سیوریج سسٹم کی بحالی پر عملدرآمد کی منظوری دی گئی اور9،انچ کے 20سالہ پرانے بوسیدہ پائپس کو12،انچ میں تبدیل کیا جائے گا۔ڈی ڈی ڈبلیو پی نے مٹو پور اور چینل 4کے ڈرینج سسٹم کی اپ گریڈیشن کا منصوبہ بھی 38کروڑ روپے کی لاگت سے منظورجبکہ غیر ضروری پمپنگ اور بجلی کی بچت کے لئے مختلف مقامات سے ڈسپوزل اسٹیشنز کو ختم کرنے کے لئے 39کروڑ روپے کی لاگت سے سکیم منظور کی۔اجلاس میں 14کروڑ روپے سے تحصیل کمپلیکس چک جھمرہ کی تعمیرکی بھی منظوری دی گئی۔کمشنر نے ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کو واسا کی سکیموں پر عملدرآمد کی کڑی نگرانی کی ہدایت کی اور کہا کہ عوامی بہبود کی ترقیاتی سکیموں میں شفافیت کو ہر قیمت پر ملحوظ خاطر رکھا جائے۔انہوں نے کہا کہ متعلقہ افسران موقع پر موجود رہ کر تعمیراتی عمل کی مسلسل نگرانی کریں اورمنصوبوں کو مقررہ وقت میں مکمل کرانے کے لئے موثر حکمت عملی اپنائیں۔ڈپٹی کمشنرفیصل آبادکیپٹن(ر)ندیم نا صر، ڈائریکٹرڈویلپمنٹ نوید افتخار،واسا اور بلڈنگز ڈیپارٹمنٹ کے افسران بھی اجلاس میں شریک تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں