2

فیصل آباد شہر کی خوبصورتی تاریخی مقامات کا تحفظ پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے،ڈی سی ندیم ناصر

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر)ندیم ناصر نے شہر میں جاری اہم ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی دورہ کیا اور نڑوالا روڈ اچکیرہ کے مقام پر 72۔انچ ٹرنک سیور لائن، جیل روڈ پر کارپٹ روڈ کی تعمیر اور چوک گھنٹہ گھر کے بیوٹیفیکیشن منصوبے کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ایم ڈی واسا،ڈی ڈی ڈویلپمنٹ،نیسپاک ودیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر کو جاری منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔ نڑوالا روڈ اچکیرہ کے مقام پر 72۔انچ قطر کی ٹرنک سیور لائن بچھانے کے جاری کاموں کے حوالے سے ایم ڈی واسا نے انہیں منصوبے کی تکنیکی تفصیلات، تکمیل کی ٹائم لائن اور اب تک کی پیشرفت سے آگاہ کیا۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ یہ منصوبہ مکمل ہونے سے ملحقہ بڑی آبادیوں کے دیرینہ سیوریج مسائل کے حل میں نمایاں بہتری آئے گی اور نکاسی آب کا نظام مزید مثر ہوگا۔ڈپٹی کمشنر نے منصوبے کے اطراف حفاظتی دیوار کے قیام اور دیگر حفاظتی اقدامات کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ تعمیراتی سرگرمیوں کے دوران شہریوں کی حفاظت کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کام کی جگہ پر سائن بورڈز، بیریئرز اور دیگر حفاظتی انتظامات مکمل ہونے چاہئیں جبکہ ڈیوٹی سٹاف کی ہمہ وقت موجودگی بھی یقینی بنائی جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے۔ انہوں نے واسا افسران کو ہدایت کی کہ منصوبے کی رفتار مزید تیز کی جائے اور معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ ہوگا۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے جیل روڈ کا دورہ کیا جہاں کارپٹ روڈ کی تعمیر کے جاری کاموں کا جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ افسران نے انہیں تعمیراتی معیار،استعمال ہونے والے میٹریل اور تکمیل کی متوقع مدت کے حوالے سے آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے موقع پر سڑک کی موٹائی، ہمواری اور مجموعی معیار کا معائنہ کیا اور ہدایت کی کہ تعمیراتی کاموں میں شفافیت، پائیداری اور اعلی معیار کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی بہتری شہریوں کو معیاری سفری سہولیات کی فراہمی میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے لہذا کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ منصوبہ جلد مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو جلد از جلد ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے چوک گھنٹہ گھر کا بھی دورہ کیا اور وہاں جاری بیوٹیفیکیشن منصوبے کے تحت ہونے والے کاموں کا جائزہ لیا۔انہیں تزئین و آرائش، لائٹنگ، صفائی ستھرائی اور دیگر بہتری کے اقدامات سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق شہر کی خوبصورتی میں اضافے اور تاریخی مقامات کا تحفظ حکومتِ پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ گھنٹہ گھر کی تاریخی شناخت اور اصل ساخت کو ہر صورت برقرار رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ گھنٹہ گھر فیصل آباد کی پہچان ہے اور اس کی تاریخی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بیوٹیفیکیشن منصوبے کا مقصد نہ صرف شہرکو خوبصورت بنانا ہے بلکہ شہریوں کو ایک صاف، محفوظ اور خوشگوار ماحول فراہم کرنا بھی ہے۔انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کی باقاعدہ مانیٹرنگ جاری رکھی جائے اور پیشرفت رپورٹس باقاعدگی سے پیش کی جائیں۔ڈپٹی کمشنر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ضلعی انتظامیہ شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی، انفراسٹرکچر کی بہتری اور تاریخی ورثے کے تحفظ کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومتِ پنجاب کی ہدایات کے مطابق فیصل آباد کو ایک جدید، صاف ستھرا اور خوبصورت شہر بنانے کے لئے عملی اقدامات جاری رہیں گے اور عوامی مفاد کے منصوبوں کی بروقت تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں