فیصل آباد میں بدترین فضائی آلودگی،بیماریاں پھیلنے لگیں

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پنجاب کا دوسرا بڑا شہر فیصل آباد فضائی آلودگی کی لپیٹ میں آ گیا، ائیرکوالٹی انڈیکس میں بھی روز بروز اضافہ’ شہریوں کی بڑی تعداد نزلہ’ کھانسی سمیت گلے کی مختلف بیماریوں کا شکار ہو کر ہسپتالوں کا رخ کرنے لگے، سموگ کے باعث سرکاری ہسپتالوں میں رش بڑھ گیا۔ تفصیل کے مطابق فیصل آباد میں ملوں’ فیکٹریوں’ کارخانوں’ بھٹوں کی چمنیوں سے دھواں کے بادل فضائی آلودگی کا باعث بن رہے ہیں جبکہ گاڑیوں’ موٹرسائیکلوں اور دیگر وہیکلز کا دھواں بھی فضائی آلودگی کا موجب بن رہا ہے۔ فضائی آلودگی میں روز بروز اضافہ کے باعث شہریوں کا سانس لینا بھی دوبھر ہو چکا ہے۔ سموگ کی وجہ سے شہری گلے’ سانس کی بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں جبکہ شہریوں کی سموگ کی وجہ سے آنکھیں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔ شہر کے بڑے سرکاری ہسپتالوں الائیڈ ون’ ڈی ایچ کیو الائیڈ ٹو’ جنرل ہسپتال غلام محمد آباد’ جنرل ہسپتال سمن آباد اور جنرل ہسپتال نصرت فتح علی خان حسیب شہید کالونی میں گلے اور سانس کی بیماریوں کے باعث شہریوں کی بڑی تعداد علاج معالجہ کیلئے پہنچ گئی۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ سموگ سے بچائو کیلئے شہریوں بالخصوص بچوں کو حکومتی ایس او پیز پر عملدرآمد کرنا چاہیے۔ بلاضرورت گھروں سے باہر نکلنے’ سفر کرنے سے گریز کریں۔ گھروں سے نکلتے وقت ماسک کا استعمال کریں اور اگر طبیعت زیادہ خراب ہو تو فوراً مستند ڈاکٹرز سے رجوع کریں۔ تاہم شہریوں نے بڑھتی ہوئی آلودگی پر قابو پانے کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف’ کمشنر راجہ جہانگیر انور’ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر اور ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ صوبائی دارالحکومت کی طرح فیصل آباد میں بھی آلودگی پر قابو پانے کیلئے جدید مشینری نصب کی جائے اور سموگ سے بچائو کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں