فیصل آباد میں جولائی کے آخر تک Eچالان کا آغاز ہوجائے گا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) جرائم پیشہ افراد کی کڑی نگرانی’ ٹریفک کے نظام کو کنٹرول کرنے کیلئے فیصل آباد سیف سٹی منصوبہ فعال’ ماہ جولائی کے آخر تک ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ”ای چالاننگ” کا آغاز کر دیا جائے گا۔ یکم محرم سے 10محرم تک ضلع بھر میں مجالس اور جلوس کی کڑی نگرانی کیلئے حکمت عملی طے کر لی ہے۔ ان خیالات کا اظہار ایس ایس پی سیف سٹی عرفان الحق سلہریا اور ڈی ایس پی آپریشن سیف سٹی عامر سلطان نے سٹاف رپورٹر ”ڈیلی بزنس رپورٹ” سید اظہار الحسن نقوی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے بتایا کہ آئی جی پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور کے ویژن’ آر پی او ذیشان اصغر اور سی پی او صاحبزادہ بلال عمر کی زیرنگرانی فیصل آباد میں سیف سٹی پراجیکٹ کا عملی طور پر آغاز کر دیا گیا۔ فیصل آباد میں مجموعی طور پر 258 پولز پر 1430 جدید ترین کیمرے نصب کئے ہیں جو کہ شہر بھر کی 230سائٹس کو کور کر رہے ہیں۔ سیف سٹی پراجیکٹ کا عملہ چوبیس گھنٹے اپنے فرائض سرانجام دے رہا ہے۔ شہر میں بڑھتے ہوئے کرائم کو قابو کرنے اور ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے سیف سٹی کا عملہ ہمہ تن مصروف عمل ہے۔ شہر میں کالے شیشے’ بغیر نمبر پلیٹس گاڑیوں’ موٹرسائیکلوں پر کڑی نگاہ رکھی جا رہی ہے۔ اگر کسی جگہ پر ٹریفک بلاک’ احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے روڈ بلاک ہو تو اس کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او اور ٹریفک وارڈنز کو دی جاتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سیف سٹی پراجیکٹ میں جو جدید کیمرے نصب کئے گئے ہیں جس میں (ANPR) آٹومیٹک نمبر پلیٹس ریکیگنیشن سسٹم اور FD فیشل ڈی ٹیکشن کیمرے لگائے گئے ہیں اور عشرہ محرم کے دوران مذکورہ سوفٹ ویئر اپ ڈیٹ کر دیا جائے گا اور اگلے ماہ جولائی 2025ء کے آخر تک ٹریفک قوانین کی وائلشن’ ہیلمٹ کے بغیر موٹرسائیکل چلانے’ بغیر نمبر پلیٹس چلنے والی گاڑیوں کے ای چالاننگ کا آغاز کر دیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ صوبائی دارالحکومت لاہور کے بعد پنجاب کے تین بڑے شہروں (RFG) راولپنڈی’ فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں سیف سٹی منصوبہ شروع کر دیئے ہیں۔ جبکہ جھنگ، چنیوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ سمیت دیگر چھوٹے اضلاع کے داخلی و خارجی راستوں کے ساتھ ساتھ اہم مقامات پر سمارٹ سٹی پراجیکٹ کے نام سے کام کا آغاز کیا جا رہا ہے، ایس ایس پی ریجنل سیف سٹی عرفان الحق سلہریا نے کہا کہ عشرہ محرم کے دوران سیف سٹی پراجیکٹ میں ضلعی پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سپیشل ڈیسک قائم کیا جا رہا ہے جس میں ضلعی پولیس کے افسران و اہلکاران اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ضلعی افسران و اہلکاران بھی تین شفٹوں میں آ کر ڈیوٹیاں دینگے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے سے سیف سٹی کا عملہ ان کی مکمل راہنمائی کرے گا۔ مرکزی امام بارگاہ عزا خانہ شبیر، دھوبی گھاٹ گرائونڈ، آٹھوں بازاروں اور دیگر امام بارگاہوں کی کڑی نگرانی کی جائے گی اور شہر بھر میں دس محرم الحرام تک ذوالجناح، تعزیہ، علم کے جلوسوں اور اہم مجالس کی مکمل کوریج میں سیف سٹی پراجیکٹ کا حصہ ہے۔ڈویژنل کمشنر محترمہ مریم خان، ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر) ندیم ناصر ، آر پی او ذیشان اصغر اور سی سی پی او صاحبزادہ بلال عمر کی نگرانی میں کنٹرول یونٹ قائم ہو گا اور پولیس چوبیس گھنٹے کسی بھی وقت اعلی افسران، عوامی نمائندے سیف سٹی کا وزٹ کر سکیں گے اور مجالس اور جلوسوں کی لائیو کوریج کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں