فیصل آباد(آن لائن)شہر اور گردونواح میں آلودگی میں اضافہ اور سموگ کا راج،موسم سرما کی آمد آمدکیساتھ ماحولیاتی آلودگی پر بروقت قابو نہ پانے کی اثرات سامنے آنے لگے اور سموگ کے باعث فضاء آلودہ ہونے لگی،فیصل آباد کے ائیر کوالٹی انڈکس میں تیزی سے اضافہ ہورہاہے اور سموگ بھی دن بدن بڑھنے لگی، فیکٹریوں میں لکڑی اور گیس کی بجائے ہسپتالوں کی ویسٹ،پرانے کپڑے اور پلاسٹک استعمال ہونیکا انکشاف،آن لائن کے مطابق پنجاب کے دیگر شہروں کی طرح فیصل آباد میں بھی سموگ بڑھنے کے خدشات میں اضافہ ہورہا ہے۔ شہری علاقہ میں محکمہ ماحولیات کی ملی بھگت سے سموگ میں اضافہ کرنیوالی فیکٹریاں اور بھٹے اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے شہر میں آج بھی سارا دن سموگ کے ڈیرے رہے اور سموگ کے باعث فضا دھندلانے سے سورج بھی غائب ہوگیا۔جھنگ روڈ، سمندی، جڑنوالہ روڈ، شیخوپورہ روڈ سرگودھا روڈ اور نڑوالا روڈ پر درجنوں فیکٹریاں رات کے وقت ہسپتالوں کی ویسٹ، پرانے کپڑے اور پلاسٹک استعمال کرتی ہیں ناقص مانیٹرنگ اور بروقت ماحولیاتی آلودگی پر قابونہ پانے کے باعث سموگ شدت اختیار کررہی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ شہریوں کو سموگ کے خطرات سے بچانے کے لیے محکمہ ماحولیات اور ضلعی حکام کو جلد از جلد موثر اقدامات اٹھانا ہوں گے۔ ماہرین نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اپنانے کی بھی ہدایات کر دی ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ سموگ سے ہونے والی بیماریوں اور نقصانات سے بچنے کے لیے ماسک کا استعمال زیادہ سے زیادہ کریں اور ناک میں بار بار پانی ڈالیں۔ دوسری جانب شہریوں کو غیر ضروری سفر کرنے سے بھی اجتناب کرنیکی ہدایت کی گئی۔
34