فیصل آباد میں شالیمار ایکسپریس حادثے کا شکار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) چک جھمرہ کے علاقہ گھڑتل پھاٹک پر شالیمار ایکسپریس ریلوے پھاٹک پر کھڑی اینٹوں سے لوڈ ٹرالی سے ٹکرا گئی، 25مسافر زخمی’ریلویریلوے انجن بری طرح متاثر’ٹرین کی2بوگیاں الٹ’ 13 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں، تقریباً 1200فٹ پٹڑی بھی تباہ ‘فیصل آباد سے لاہور ریلوے ٹریفک ٹرین کی آمدورفت کیلئے بند کر دیا گیا، ریسکیو ٹیموں اور ریلوے انتظامیہ نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں، زخمیوں کو طبی امداد کے بعد ہسپتال منتقل کر دیا۔ ریلوے ذرائع کے مطابق آج صبح 4بجے کے قریب کراچی سے آنے والی شالیمار ایکسپریس لاہور جا رہی تھی کہ جب وہ چک جھمرہ کے علاقہ 142رب گھڑتل ریلوے پھاٹک پر پہنچی تو ریلوے پھاٹک پر اینٹوں سے لوڈ ٹرالی جس کا ڈیزل ختم ہونے پر ریلوے ٹریک پر کھڑی تھی، سے زوردار دھماکہ کے ساتھ ٹکرا گئی، حادثہ اتنا شدید تھا کہ جسکی آواز دور دور تک سنی گئی اور شالیمار ایکسپریس کا انجن بری طرح تباہ ہو گیا اور ٹرین کی 13بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں، اچانک حادثہ پر ٹرین میں سوار مسافروں کی چیخ وپکار نے آسمان سر پر اٹھا دیا جبکہ دو بوگیاں الٹ گئیں، ٹرین ڈرائیور سمیت متعدد مسافر زخمی ہو گئے جبکہ ٹریکٹر ٹرالی کا ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔ المناک حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریلوے انتظامیہ اور ریسکیو1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دی۔ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا۔ شدید زخمیوں میں 20سالہ اسماعیل ولد منور سکنہ ملتان’ 33سالہ غلام جیلانی ولد محمد خالد سکنہ عباس پور’ 58سالہ ذوالفقار ولد سردار بخش سکنہ عباس پور’ 43سالہ وحید احمد ولد نصیر احمد سکنہ سمندری کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال منتقل کیا جبکہ دیگر معمولی زخمیوں کو موقع پر مرہم پٹی کے بعد فارغ کر دیا۔ حادثہ کے باعث فیصل آباد سے لاہور ریلوے ٹریک ٹرینوں کی آمدورفت کیلئے بند کر دیا، کراچی ودیگر شہروں سے براستہ فیصل آباد لاہور جانے والی ٹرینیں فیصل آباد اسٹیشن پر روک لی گئیں۔ میانوالی سے آنیوالی ماڑی انڈس ٹرین کو واپس میانوالی بھجوا دیا گیا۔ جبکہ ریلوے کا عملہ ریلوے ٹریک کی بحالی کیلئے کام شروع کر دیا۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ مقامی آبادیوں نے مسافروں کو پانی وناشتہ کروا کر انسانی ہمدردی کی اعلیٰ مثال قائم کی جبکہ ریسکیو1122 ٹیمیں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے میں مصروف ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں