فیصل آباد میں صحافی کالونی کے قیام کی منزل قریب،جلد خوشخری سنائینگے،عظمیٰ بخاری

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے گزشتہ رات چناب کلب فیصل آ باد میں الیکٹرانک وپرنٹ میڈیاسے تعلق رکھنے والے صحافیوں کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔جس میں سینئر صحافیوںکے ساتھ غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات نے عندیہ دیا کہ بہت جلد فیصل آباد کے صحافیوں کو صحافی کالونی کے قیام کی خوشخبری سنائیں گے’ اس حوالے سے وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف بہت زیادہ سنجیدہ ہیں اور وہ چاہتی ہیں کہ دوسرے بڑے شہروں کی طرح فیصل آباد میں بھی صحافی کالونی کا قیام عمل میں لایا جائے تاہم وہ آج ڈی جی ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کے ساتھ صحافی کالونی کی بابت خصوصی میٹنگ کریںگی اور ان سے ایف ڈی اے سٹی میں صحافی کالونی کے لئے جگہ کے متعلق تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ غیر جانبدار سکروٹنی کے بعد صحافیوں کی لسٹ تیار کی جائے گی اور حقیقی معنوں میں ورکنگ جرنلسٹس کو ہی صحافی کالونی میں اکاموڈیٹ کیا جائے گا۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب حکومت بلدیاتی الیکشن کروانے کے لئے تیار ہے۔رواں سال کے آخر تک تیاری مکمل کر کے الیکشن کمیشن کو آگاہ کر دیا جائے گا۔ اس کے بعد الیکشن کی تاریخ دینا ا لیکشن کمیشن کا کام ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں