62

فیصل آباد میں وارداتیں عام ، نوجوان نے خود کشی کرلی ، 5خواتین اغواء

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد میں ڈاکو راج برقرار’ حالات کے ستائے نوجوان نے زہریلی گولیاں کھا کر خودکشی کر لی، اوباش افراد نے سبز باغ دکھا کر 5خواتین کو اغواء کر لیا، پولیس نے کارروائی عمل میں لاتے ہوئے مقدمات درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔ تفصیل کے مطابق سانگلہ ہل کے رہائشی 25سالہ ارشد ولد سرور نے حالات سے تنگ اور گھریلو جھگڑوں سے دل برداشتہ ہو کر گندم میں رکھنے والی زہریلی گولیاں نگل لیں، جسے تشویشناک حالت میں سول ہسپتال لایا گیا جہاں وہ دوران علاج زندگی کی بازی ہار گیا، ہسپتال انتظامیہ نے ضروری کارروائی کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کر دی۔ جبکہ شہر بھر میں ڈاکوئوں کے گروہ نے لوٹ مار کرتے ہوئے بائو والہ میں فلک شیر اور جمیل پارک میں آفاق کے گھر داخل ہونیوالے مسلح ڈاکوئوں نے اہل خانہ کو یرغمال بنا کر لاکھوں کے زیورات’ نقدی اور قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہو گئے جبکہ ساہیانوالہ کے علاقہ 129 رب کے زمیندار فضل الرحمن سے 29لاکھ سے زائد مالیت کا ٹریکٹر چھین کر فرار ہو گئے، غلام محمد آباد کے علاقہ مراد آباد میں غلام فرید کے کریانہ سٹور میں گاہک بن کر آنے والے مسلح ڈاکو جان سے مار دینے کی دھمکی دیتے ہوئے دن بھر کی سیل چھین کر فرار ہو گئے۔ علاوہ ازیں اوباش افراد نے سبز باغ دکھا کر 2لڑکیوں کو بے آبرو اور تین کو اغواء کرکے لے گئے’ سرگودھا روڈ کے علاقہ محلہ چباں کے رہائشی زوار کی ہمشیرہ کتاب خریدنے جا رہی تھی کہ اوباش ملزم نے ورغلا کر گھر لے جا کر ہوس کا نشانہ بنا ڈالا۔ جڑانوالہ کے علاقہ 534 گ ب کے رہائشی اظہر حسین کا کہنا تھا کہ ملزمان ریاض وغیرہ نے اسکی اہلیہ کو اغواء اور زیادتی کر کے فرار ہو گئے، منصورآباد کی رہائشی فاطمہ بی بی نے بتایا کہ اسکی بیٹی اور بھتیجی کشمیر روڈ کے قریب جا رہی تھی کہ نامعلوم ملزمان اٹھا کر لے گئے۔ روضہ پارک کے رہائشی محمد مکی نے بتایا کہ اس کی ہمشیرہ خریداری کیلئے بازار گئی جو کہ واپس گھر نہ پہنچی اور چک جھمرہ کے علاقہ 141 رب کی مسرت بی بی نے بتایا کہ اوباش ملزم حفیظ نے اسکی جواں سالہ بیٹی کو اغواء کر لیا، پولیس نے کارروائی عمل میں لاتے ہوئے مقدمات درج کر کے مغویان کی بازیابی کیلئے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں