56

فیصل آباد میں 10 میں ڈکیتی مزاحمت پر 11 شہری قتل ، 137 زخمی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ملک کے تیسرے بڑے صنعتی شہر فیصل آباد میں ڈاکوئوں کے گروہ نہتے شہریوں پر گولیاں برساتے رہے، رواں سال کے پہلے دس ماہ کے دوران اتھرے ڈاکوئوں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت کرنے پر 11افراد کو قتل اور 137 شہریوں کو گولیاں مار کر لہولہان کر دیا، خونی ڈاکو کی وجہ سے شہری عدم تحفظ کا شکار’ پولیس قاتل ڈاکوئوں کو پکڑنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔ ذرائع کے مطابق رواں سال کے پہلے دس ماہ کے دوران ضلع بھر میں ڈاکو راج برقرار’ ڈاکوئوں کے مسلح گروہ دن دیہاڑے شاہراہوں’ گلی محلوں میں لوٹ مار کرنے میں مصروف’ روزانہ ایک سو سے زائد ڈکیتی’ راہزنی اور چوری کی وارداتوں کے دوران نہتے شہری جگہ جگہ لٹنے پر مجبور ہیں جبکہ اتھرے ڈاکوئوں کے گروہ بھی لوٹ مار کے دوران نہتے شہریوں پر گولیاں برسانے سے گریز نہیں کرتے جبکہ پولیس خواب خرگوش کے مزے لینے میں مصروف اور پولیس حسب معمول واردات کے بعد جائے وقوعہ کے گرد ونواح اور چوراہوں پر ناکے لگا کر شہریوں کو روک کر تنگ کرنا اور نذرانے وصول کرنے لگ جاتی ہے۔ ذرائع کے مطابق رواں سال کے دوران مجموعی طور پر خونی ڈاکو میں 11افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں اور 137 افراد بری طرح زخمی ہوئے اور کئی شہری ڈاکوئوں کی گولیوں کی وجہ سے معذور ہو چکے ہیں۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ اگر کسی مقام پر مزاحمت کے دوران پولیس اہلکار کو گولی لگے تو ضلعی پولیس فوری طور پر کارروائی عمل میں لاتے ہوئے پیٹی بھائی کا بدلہ لینے کیلئے ڈاکوئوں کو پکڑ بھی لیتی ہے اور مبینہ مقابلوں میں پار کرنے سے بھی گریز نہیں کرتی۔ جبکہ عام شہریوں کو قتل اور زخمی کرنے والے ڈاکوئوں کا کوئی سراغ نہ لگایا جا سکا ہے۔ شہری حلقوں نے آر پی او ڈاکٹر عابد خان’ سی پی او کیپٹن (ر) علی ضیاء اور ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ اتھرے ڈاکوئوں کو پکڑنے کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں