فیصل آباد پولیس میں بھرتی ،فزیکل ٹیسٹ میں جعلسازی کرتے 9امیدوار گرفتار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد پولیس میں کانسٹیبلز بھرتی کے فزیکل ٹیسٹ میں جعل سازی کرتے ہوئے 09افراد گرفتار’ کنسٹیبل بھرتی فزیکل ٹیسٹ کی شفافیت کے لیے سپیشل ڈیوٹی مامور کی گئی تھی۔ نوجوان عظیم ،عرفان وغیرہ 09افراد نے فزیکل ٹیسٹ دوڑ کے مرحلہ میں فیل ہونے کے باوجود جعل سازی کی کوشش کرتے ہوئے پاس شدہ امیدواران میں شمولیت کا اقدام کیا۔ڈیوٹی پرتعینات پولیس افسران کے ری چیک کرنے پر 09کس نوجوانوں کی نشاندہی ہوئی جو دوڑ میں فیل ہوگئے تھے اور مختلف بوتھ سے پاس شدہ امیدواروں میں شامل ہوئے۔پولیس نے جعل سازی کرنے پر 09کس نوجوانوں کو موقع پر گرفتار کرکے تھانہ ملت ٹائون پولیس کے حوالے کر دیا، تھانہ ملت ٹائون پولیس نے ملزمان کے خلاف قانونی کاروائی کا آغاز کردیا ۔ سی پی او صاحبزادہ بلال عمر نے کہا ہے کہ فیصل آباد پولیس میں بھرتی کا عمل شفافیت کے ساتھ مکمل کیاجائے گا اس حوالے سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں