39

فیصل آباد پولیس کے شیر جوانوں نے جعلی مقابلے میں 2بیگناہ افراد کوگولیاں ماردیں

ٹھیکریوا لا(نامہ نگار) فیصل آباد پولیس کے شیر جوانوں نے جعلی مقابلہ میں دو بے گناہ افراد کو گولیاں مار دیں، مضروبان کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا، سی پی او کیپٹن (ر) محمد علی ضیاء نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے جعلی پولیس مقابلہ بنا کر غلہ منڈی کے آڑھتی کے کزنوں کو گولیاں مار کر زخمی کرنے والے انچارج چوکی سبزی منڈی اے ایس آئی واجد علی اور اس کے ساتھی حوالدار اجمل اور کانسٹیبل ولید کے خلاف اقدام قتل کے تحت مقدمہ درج کروا دیا، ایس پی اقبال ٹائون کو مقدمہ کی تحقیقات کر کے ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دینے کا حکم دے دیا۔ تاہم ابھی تک چوکی انچارج اور اس کے ساتھیوں کی گرفتاری عمل میں نہ آ سکی۔ تفصیل کے مطابق سیٹلائٹ ٹائون کوئٹہ کے رہائشی منیر احمد نے بتایا کہ وہ غلہ منڈی ڈجکوٹ روڈ میں کھجوروں اور خشک دھنیا وغیرہ کا کام کرتا ہے اور فیکٹری وگودام جھنگ روڈ پر چھوٹا بائی پاس 66ج ب میں بنا رکھا ہے، گزشتہ روز اپنے کزنوں وکیل احمد ولد فضل باری اور عزیز اﷲ ولد محمد علی کے ہمراہ موٹرسائیکل پر فیکٹری جا رہے تھے جب جھنگ روڈ سے نیچے کچے راستے پر فیکٹری جانے کیلئے اترے تو ہنڈا سٹی کار ان کے پیچھے لگ گئی اور لائٹیں دینے لگی تو وہ سمجھے کہ چور ڈاکو پیچھے لگ گئے، انہوں نے موٹرسائیکل بھگائی تو کار سواروں نے فائرنگ کر دی، گولیاں لگنے سے وکیل احمد اور عزیز اﷲ بری طرح زخمی ہو کر گر پڑے تو کار سوار انچارج چوکی سبزی منڈی اے ایس آئی واجد علی نے واقعہ کو پولیس مقابلہ کا رنگ دیتے ہوئے کال چلا دی تو پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ اصل معاملہ سامنے آتے ہی سی پی او کیپٹن (ر) محمد علی ضیاء نے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے مبینہ پولیس مقابلہ بنا کر بے گناہ شہریوں کو گولیاں مار کر زخمی کرنے والے چوکی انچارج سبزی منڈی اور اس کے ساتھیوں کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا اور ایس پی اقبال ڈویژن کو واقعہ کی تحقیقات کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ تاہم ٹھیکری والا پولیس نے چوکی انچارج سمیت 3اہلکاروں کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کر لیا، تاہم ابھی تک گرفتاری عمل میں نہ لائی جا سکی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں