54

فیصل آباد چیمبرآف کامرس کے وفد کی عرفان صدیقی سے ملاقات

فیصل آباد (پ ر) منشور کسی بھی سیاسی جماعت کے اغراض و مقاصد کا جامع مجموعہ ہو تا ہے جس کے ذریعے عوام کسی جماعت کو حق حکمرانی دینے کا فیصلہ کرتے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے منشور کو ملک کے سماجی، معاشی اور معاشرتی نمائندوں کے ذریعے حتمی شکل دینے کی کوشش کی جائے گی۔ یہ بات پاکستان مسلم لیگ (ن) کی منشور کمیٹی کے سربراہ سینیٹر عرفان صدیقی نے آج صدر ڈاکٹر خرم طارق کی قیادت میں فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ڈاکٹر خرم طارق نے کہا کہ معیشت کو نظر انداز کرنے کی وجہ سے آج تما م شعبے تنزلی اور تباہی کا شکار ہیں حالانکہ یہ واحد شعبہ ہے جو ریاستوں کے دیگر تمام ستونوں کو چلانے کیلئے وسائل مہیا کرتا ہے ۔ انہوں نے چارٹر آف معیشت کو موجودہ دور کی اہم ترین ضرورت قرار دیا اور کہا کہ پائیدار معاشی پالیسیوں کے بغیر نہ تو غریب عوام کی مشکلات کم ہوں گی اور نہ ہی ملک کو خوشحالی سے ہمکنار کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن ) کی طرح دیگر جماعتوں کو بھی معیشت کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے میثاق معیشت کو اپنے اپنے منشور کا لازمی حصہ قرار دینا چاہیے تاکہ حکومتی تبدیلیوں کے باوجود معاشی پالیسیوں کے تسلسل کو برقرار رکھا جا سکے۔ سینیٹر عرفان صدیقی نے ڈاکٹر خرم طارق کی معاشی اور عملی فہم و فراست کو سراہا اور کہا کہ پاکستان کی پائیدار معاشی ترقی کیلئے ایسے ہی سرکردہ اور قد آور کاروباری افراد کی ضرورت ہے جو ملک کو معاشی بحرانوں سے نکال کے ترقی اور خوشحالی کی راہ پر ڈالنے کیلئے غیر روایتی اور Out of the boxحل پیش کر سکیں۔ اس موقع پر فیصل آباد چیمبر کے سینئر نائب صدر ڈاکٹر سجاد ارشداور نائب صدر حاجی محمد اسلم بھلی کے علاوہ ایگزیکٹو ممبر شفیق کاشف بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں