15

فیصل آباد ڈاکوئوں کے حوالے ، آفیسر کالونی میں شہری کے گھر 6کروڑ روپے مالیت کی سنگین واردات

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ پیپلزکالونی کے علاقہ آفیسر کالونی میں دن دیہاڑے کار سوار مسلح ڈاکوئوں نے تاجر کے اہل خانہ کو یرغمال بناکر 6کروڑ روپے مالیت کے زیورات’ نقدی’ قیمتی گھڑیاں اور دیگر سامان لوٹ کر فرار ہو گئے’ پولیس ناکہ بندیوں کے باوجود ڈاکوئوں کے گروہ کا سراغ لگانے میں کامیاب نہ ہو سکی، علاقہ میں خوف وہراس پھیل گیا۔ تفصیل کے مطابق آفیسر کالونی نمبر1 کے رہائشی دانش جنید نے بتایا کہ گزشتہ روز دوپہر اڑھائی بجے کے قریب کار نمبری LEA-4707 پر چار مسلح ڈاکو بیل دیکر گھر داخل ہوئے اور اندر آتے ہی اہل خانہ کو یرغمال بنا کر کمرہ میں بند کر دیا۔ ایک ڈاکو اہل خانہ پر اسلحہ تان کر کھڑا رہا جبکہ دیگر ڈاکوئوں نے تسلی سے گھر کی تلاشی لیتے ہوئے الماریوں کے تالے توڑ کر 215 تولے طلائی زیورات’ 32لاکھ 43ہزار روپے کی نقدی’ راڈو گھڑیاں اور دیگر قیمتی سامان چھین کر فرار ہو گئے اور جاتے ہوئے گھر میں لگے سی سی ٹی وی کیمرہ جات کا ڈی وی آر بھی اکھاڑ کر ساتھ لے گئے۔ بعدازاں متاثرہ تاجر کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور شہر بھر کی ناکہ بندیوں کے باوجود ابھی تک ڈاکوئوں کے گروہ کا سراغ نہ لگا سکی۔ علاوہ ازیں اتھرے ڈاکوئوں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پرنہتے شہریوں پرگولیاں برسا دیں، گولیاں لگنے سے ٹرک ڈرائیور سمیت 2افراد قتل اور ڈکیتی مزاحمت پر خاتون سمیت 3بری طرح زخمی ہو گئے، پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکرپوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کرکے قاتل ڈاکوئوں کی تلاش شروع کردی ہے جبکہ زخمیوں کوہسپتال میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے ۔بتایا جاتا ہے کہ کوئٹہ کے ضلع مستونگ کا رہائشی ٹرک ڈرائیور38سالہ عبدالمالک ولد عیسیٰ خان تھانہ بلوچنی کے علاقہ شیخوپورہ روڈ پر فیکٹری میں کوئلہ اتارکرواپس آرہا تھا جب 98ر۔ب چوہلہ بائی پاس کے قریب پہنچا توتعاقب میں آنے والے موٹرسائیکل سوارڈاکوئوں نے رکنے کا اشارہ کیا نہ رکنے پر فائرنگ کردی گولی لگنے سے موقع پر ہی دم توڑگیا اطلاع ملتے ہی اعلیٰ افسران موقع پر پہنچ گئے، جبک دوسرا واقعہ تھانہ تاندلیانوالہ کے علاقہ 430گ ب میں پیش آیا جہاں پر ڈاکوئوں کا مسلح گروہ دیوار پھلانگ کرشہبازولد اللہ دتہ کے گھرداخل ہوا اہل خانہ کویرغمال بنا کر زیورات،نقدی لوٹ کرفرارہونے لگا تو گھرکے سربراہ شہباز نے مزاحمت کرتے ہوئے شورمچایا توڈاکوئوں نے گولی مارکر شہبازولد اللہ دتہ کوبری طرح زخمی کرکے فرار ہوگئے بعدازاں مضروب کوتشویشناک حالت میں ہسپتال لانے کی کوشش کی لیکن وہ بھی راستے میں ہی دم توڑگیا ۔علاوہ ازیں تھانہ صدر جڑانوالہ کے علاقہ فیصل ٹائون اڈا علی پور میں دومسلح ڈاکوگاہک بن کر اسلام کے کریانہ سٹور میں داخل ہوئے اسی دوران محمد اسلام کی اہلیہ ریحانہ بی بی نے صورتحال کو بھانپتے ہوئے دوکان کا شٹر نیچے گرایا تو مسلح ڈاکوئوں نے فائرنگ کر دی، گولی لگنے سے خاتون ریحانہ بی بی بُری طرح زخمی ہو گئی اورتھانہ ماموں کانجن کے علاقہ مغل ویلی کے قریب اتھرے ڈاکوئوں نے لوٹ مارکے دوران مزاحمت پر دوافراد قاسم اورواجد کوپسٹل کے بٹ مارکر بری طرح زخمی کردیا۔ بڑھتی ہوئی وارداتوں پر شہری عدم تحفظ کا شکار ہوگئے’ پولیس نے نعشیں قبضہ میں لیکرقاتل ڈاکوئوں کی تلاش شروع کردی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں