فیصل آباد ڈویژ ن میں سموگ کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں،کمشنر جہانگیر راجہ

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پرفیصل آباد ڈویژن میں سموگ کی روک تھام کیلئے ہنگامی اقدامات جاری ہیں۔کمشنر راجہ جہانگیر انور کی زیرصدار ت ڈویژنل سموگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔کمشنر نے ڈویژن کے چاروں اضلاع میں فوری فائرو رکس پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ تحفظ ماحول، زراعت ، ٹریفک پولیس، واسا ،پی ایچ اے،کمیونیکیشن اینڈ ورکس،میونسپل کارپوریشن اور میونسپل کمیٹیز سموگ کی روک تھام کے لئے انسدادی اقدامات کونتیجہ خیز بنائیں۔گردوغبار کے خاتمہ کے لئے پانی کا چھڑکا یقینی بنائیں۔مٹی/ریت لے کر آنے والے ڈمپرز کو شہر سے باہر بائی پاسز سے ڈائیورٹ کرایا جائے تاکہ آلودگی کی روک تھام یقینی ہو۔کمشنر نے کہا کہ زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر کوئی بھٹہ نہیں چلنا چاہیے اس ضمن میں دن کے ساتھ رات کو بھی انسپکشن کی جائے۔انہوں نے کہا کہ امیشن کنٹرول سسٹم نصب نہ کرنے والے صنعتی یونٹس کے خلاف بلاامتیاز ایکشن ہونا چاہیے اوریونٹس میں چمڑا، لنڈا بطور ایندھن جلانے والوں کے خلاف کارروائیاں کریں۔انہوں نے کہا کہ فصلوں کی باقیات نہ جلانے اورپرالی کو اگلی فصل کے لئے بروئے کارلانے کا ٹرینڈعام کریں۔روڈز کے ساتھ پڑی مٹی کو صاف کرایا جائے۔شاہرات پر وہیکلز کی انسپکشن اور دھواں دینے والی گاڑیوں کے مالکان کو جرمانے کئے جائیں۔رائس ملز کی انسپکشن کرکے ڈسٹ کور کی تنصیب کو بھی چیک کریں۔انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز انسدادی کارروائیوں کی کڑی نگرانی کریں اور سموگ کی روک تھام کے لئے زمینی حقائق کے مطابق ایکشن نظر آنے چاہیں۔ ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کیپٹن (ر) ندیم ناصر کے علاوہ جھنگ،ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ کے ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک تھے۔تحفظ ماحول،میونسپل کارپوریشن،ٹریفک پولیس،زراعت اور دیگر محکموں کے افسران اجلاس میں موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں