فیصل آباد کا تاریخی حسن بحال،8بازاروں کو وہیکل فری بنانے کیلئے خصوصی فنڈز کا اجراء

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) پنجاب حکومت نے پاکستان کے مانچسٹر فیصل آباد کا تاریخی حسن بحال کرنے،8بازاروں کو وہیکل فری بنانے کیلئے فنڈز جاری کردئیے،الیکٹرک کارڈ (گاڑیوں) کی تعداد دوسے بڑھا کرسات کردی جائیگی، شہری معمولی کرایہ پر ان گاڑیوں میں آ جاسکیں گے،8بازاروں کے داخلی راستوں پر الیکٹرک گیٹ لگیں گے،تجاوزات کا مستقل بنیادوں پر خاتمہ یقینی بنایا جائیگا،رہائشیوں کو خصوصی پاس جاری ہونگے’دکانداروں کو بھی خصوصی پاس ملیں گے’ریل بازار میں سکیورٹی انتظامات کو بہتر بنایا جائیگا جبکہ دوکانداروں اور خریداری کیلئے آنیوالوں کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے بھرپور اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔فیصل آباد شہرسے تجاوزات کے مکمل خاتمے اور8بازار وں کو وہیکل فری بنانے کیلئے ڈویژنل کمشنر محترمہ مریم خان اور ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر) ندیم ناصر نےFMCکی ریگولیشن آفیسر حافظہ عظمت فردوس کو خصوصی ٹاسک سونپ دیا ہے اور انہیں کیا گیا ہے کہ وہ ”تجاوزات مافیا ” کے سامنے سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی رہیں،انہوں نے تجاوزات کے خاتمے کیلئے بھرپور کارروائی عمل میں لاکر خود کو ”آئرن لیڈی” ثابت کیا ہے اور وہ کسی بھی موقع پر کسی بھی دبائو یا پریشر کو خاطر میں نہ لائیں۔واضح رہے کہ اے سی سٹی عتیق اللہ خان اورMCFکے چیف آفیسر سید علی عباس بخاری نے ریگولیشن آفیسر عظمت فردوس کیساتھ مل کر تجاوزات کے خاتمہ کیلئے جو بھرپور اقدامات کیے ہیں شہری اس پر بیحد خوش ہیں۔علاوہ ازیں تجاوزات کے خاتمے میں رکاوٹ بننے والےFMCکے لینڈ برانچ کے عملہ کی رپورٹ تیار کی جارہی ہے جبکہ اگر کسی پرائیویٹ افراد نے تجاوزات کے خاتمے میں رخنہ ڈالا تو ان کیخلاف پرچے درج کروائے جائینگے۔علاوہ ازیں واضح کیا گیا ہے کہ میونسپل کارپوریشن فیصل آباد کی ریگولیشن آفیسر حافظہ عظمت فردوس گھریلو مصروفیات کے باعث دو دن کی چھٹی پر ہیں اور ان کے تبادلہ کی باتیں قیاس آرائیوں کے سوا کچھ نہیں۔وہ حسب معمول اپنے فرائض اُسی جوش و جذبہ اور لگن کے ساتھ سرانجام دیتی رہیں گی۔چوک گھنٹہ گھر کے اطراف میں تمام بازاروں اور مارکیٹوں سمیت شہر بھر سے تجاوزات کا مکمل خاتمہ کرکے فیصل آباد کا تاریخی حسن بحال کیا جائیگا اور شہریوں کیلئے آمدو رفت میں آسانیاں پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں تفریحی سہولیات بھی فراہم کی جائینگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں