فیصل آباد ‘کراچی کیلئے پروازیں شروع

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)فلائی جناح نے فیصل آباد سے کراچی کیلئے براہ راست پروازوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ یہ فضائی کمپنی فیصل آباد سے کراچی کیلئے ہفتہ وار چار پروازیں چلائے گی۔ گزشتہ روز فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فاروق یوسف شیخ نے ائیر پورٹ پر خصوصی کیک کاٹا اور فیصل آباد سے واپس کراچی روانہ ہونے والی پرواز کے مسافروں کو الوداع کیا۔ انہوں نے اس سلسلہ میں فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی طرف سے کی جانے والی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ اس سے ملک کے ٹیکسٹائل مرکز کو کراچی کی فنانشل ہب سے ملانے سے معاشی صنعتی، تجارتی اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔ یہ پرواز کراچی سے ساڑھے تین بجے فیصل آباد انٹر نیشنل ائیر پورٹ پر پہنچی جبکہ چند گھنٹے بعد ہی پرواز واپس کراچی روانہ ہو گئی۔ فاروق یوسف شیخ نے اس سلسلہ میں ائیر پور ٹ مینیجر اور فلائی جناح کے کنٹری ہیڈ ارمان یحییٰ کی کوششوں کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ توقع ہے کہ یہ ائیر لائن بہت جلد فیصل آباد سے جدہ اور مدینہ کیلئے بھی پروازیں شروع کرے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں