فیصل آباد ( سٹاف رپورٹر)عالمی تقاضوں سے ہم آہنگ فیصل آبادکو ملک کا پہلا ٹیکسٹائل ری سائیکلنگ سٹی بنانے کیلئے خصوصی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔ یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فاروق یوسف شیح نے چیمبر کی کونسل آف ٹیکسٹائل بارے قائمہ کمیٹی کے تیسرے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل کو پاکستان کی معیشت میں کلیدی اہمیت حاصل ہے۔ یہ سیکٹر برآمدات کمانے کا سب سے بڑا ذ ریعہ ہے جبکہ فیصل آبا دٹیکسٹائل کی مجموعی برآمدات میں 45 فیصد سے بھی زائد کا حصہ ڈال رہا ہے۔ اس طرح کپڑے کی ملکی ضروریات کو پورا کرنے میں بھی فیصل آباد کا حصہ 60 فیصد سے زائد ہے۔ عالمی معیشت میں تیزی سے آنے والی تبدیلیوں کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ 2021 ء میں سرکلر ٹیکسٹائل ہارے ہونے والی کانفرنس نے اس شعبہ میں wastageکو مکمل طورپر ختم کرنے کیلئے کئی اہم فیصلے کئے گئے جبکہ یورپی ملکوں نے واضح کر دیا ہے کہ وہ صرف اُن ممالک سے کم ڈیوٹی پر اشیاء درآمد کریں گے جو عالمی ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کیلئے اپنے سیکٹر کی wastageکو 2030ء تک مکمل طور پر ختم کردیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات باعث اطمینان ہے کہ پاکستان کی ٹیکسٹائل کے ویسٹ کا مجموعی طور پر 60 فیصد پنجاب میں ری سائیکل ہوتا ہے جس سے اس ضلع کے صنعتکاروں کی ماحول دوستی کیلئے عملی اقدامات اٹھانے کے عزم کا اظہار ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں اس حوالے سے جامع اور سازگارا یکو سسٹم موجود ہے اس لئے فیصل آباد کو ملک کا پہلا ٹیکسٹائل ری سائیکلنگ سٹی بنانے کا فیصلہ نہ صرف اہم بلکہ انتہائی بر وقت ہوگا جس سے ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ بر آمدات بڑھانے میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے بحیرہ احمرمیں جنگی صورتحال کے حوالے سے تیل کے استعمال میں کمی اور ماحولیاتی آلودگی سے قابو پانے کیلئے فوری طور پر عملی اقدامات اٹھانے پر بھی اظہار خیال کیا اور کہا کہ حکومت کو اس حوالے سے کسی بھی حتمی فیصلے سے قبل فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری سے مشاورت کی جائے۔ اجلاس میں قائمہ کمیٹی کے کنونیئرعارف احسان ملک، چوہدری محمد اظہر، نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی کے ڈاکٹر مزمل، سابق صدر چیمبر چوہدری محمد نواز، پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپوٹرز ایسوسی ایشن کے وائس چیئر مین محمد احمد اور دیگر شرکانے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر مستقبل کے منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جن میں فیصل آباد میں مستقل ایکسپو سنٹر کے قیام، میڈ ان فیصل آباد۔ 2026 ایکسپو، ایس ایم ای سیکٹر اور مقامی مصنوعات کے استعمال کی حوصلہ افزائی کیلئے مختلف تجاویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔



