فیصل آباد کیلئے27ارب کے ترقیاتی منصوبے ‘اہم ترین مسئلہ نظر انداز

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) صوبہ پنجاب کے بجٹ میں فیصل آباد کے لیے 27 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے شامل’ شہریوں کو درپیش اہم ترین مسئلہ نظرانداز، ”زیرزمین پانی میں آلودگی اور بارشی پانی کا ضیاع” فیصل آباد کا اہم ترین مسئلہ قرار دیا جا چکا ہے مگر صوبائی بجٹ میں اس کیلئے فنڈز مختص نہ کرنا حیران کن ہے، فیصل آباد میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے 27ارب روپے سے زائد کے فنڈز رکھے جانا خوش آئند ہے مگر کیا ہی اچھا ہوتا کہ پنجاب کے بجٹ میں فیصل آباد کے زیرزمین پانی میں آلودگی کے خاتمے اور بارش کے پانی کے ضیاع جیسے بڑے اور دیرینہ مسائل کے حل کیلئے خطیر رقم مختص کی جاتی، مگر یہ لمحہ فکریہ ہے کہ فیصل آباد کے شہریوں کو درپیش یہ مسائل حل کرنے کیلئے نہ ہی کوئی منصوبہ شامل کیا گیا اور نہ ہی اس سلسلے میں کوئی فنڈز مختص کئے گئے ہیں، حالانکہ فیصل آباد میں ہر سال اوسطاً 346 ملی میٹر بارش ہوتی ہے اور یہ ایک قدرتی’ مفت اور صاف پانی کا ذریعہ ہے مگر بدقسمتی سے یہ قیمتی نعمت شہر میں نکاسی آب کے ناقص نظام کی وجہ سے سیوریج میں شامل ہو کر بلیک واٹر میں تبدیل ہو جاتی ہے، اس طرح یہ ایک قدرتی وسیلہ ضائع ہو جاتا ہے اور زیرزمین پانی کی آلودگی اور کمی کا بحران سنگین ہو جاتا ہے، یہ حقیقت ہے کہ فیصل آباد کے زیادہ تر شہری زیرزمین پانی پر انحصار کرتے ہیں جو صنعتی فضلے اور سیوریج کے گندے پانی کے باعث تیزی سے آلودہ ہو رہا ہے، اس سے نہ صرف صحت کے مسائل جنم لے رہے ہیں بلکہ وقت کے ساتھ ساتھ اس مسئلے کی شدت میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، فیصل آباد میں بارش کے پانی کے نکاس کیلئے انفراسٹرکچر موجود ہے مگر وہ بہت پرانا ہو چکا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ اس مسئلہ کو نظرانداز نہ کیا جائے بلکہ زیرزمین پانی کی آلودگی کو ختم اور بارشی پانی کو ضائع ہونے سے بچانا چاہیے، لہٰذا پنجاب حکومت اس مسئلہ کے حل کیلئے خصوصی فنڈز مختص کرے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں