4

فیصل آباد کی بزنس کمیونٹی کیپسٹی چارجز کیخلاف سراپا احتجاج بن گئی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)بجلی کے غیر معمولی بلوں کے خلاف بطور احتجاج فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری اور دیگر صنعتی، تجارتی اور کاروباری تنظیموں کے دفاتر میں سیا ہ پرچم لہرا دیئے گئے ہیں۔ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے قائم مقام صدر ڈاکٹر سجاد ارشد نے کہا کہ کیپسٹی چارجز کی وجہ سے بجلی کے بلوں میں غیر معمولی اضافہ ہو گیا ہے جبکہ پیداواری لاگت بڑھنے سے 40فیصد صنعتی ادارے بند اور بڑی تعداد میں محنت کش بے روزگار ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کیپسٹی چارجز کے خلاف پوری بزنس کمیونٹی سراپا احتجاج ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈانڈسٹری اور ملک بھر کے تاجراس سلسلہ میں اپنا بھر پور احتجاج ریکارڈ کر اچکے ہیں مگر ابھی تک اس سلسلہ میں حکومت کی طرف سے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کیپسٹی چارجز اور 20.5فیصد مارک اپ ریٹ کی وجہ سے کوئی بھی کاروبار کرنا ممکن نہیں رہا ۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے صورتحال پر فوری توجہ نہ دی تو مزید ادارے بند ہو جائیں گے اور بے روزگاری کی وجہ سے امن وامان کی صورتحال مزید ابتر ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایم تنویر کی طرح دیگر آئی پی پیز کو بھی کیپسٹی چارجز کے سلسلہ میں بات چیت کیلئے رضامندی کا اعلان کرنا چاہیے تاکہ حکومت عوام کو کیپسٹی چارجز کے عذاب سے نجات دلانے کیلئے ضروری اقدامات اٹھا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں