فیصل آباد کی ترقی کیلئے ساڑھے14ارب کے منصوبے تجویز کئے گئے ہیں،قائم مقام ڈی جی قیصر عباس رند

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ایف ڈی اے کے ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن کے بعد سروس ڈلیور ی میں جدت اور تیزی آئی ہے جس کی بدولت متعدد سروسز ان لائن فراہم کرکے ریئل ٹائم میں پراپر ٹی کے اونر شپ کلیئرنس سرٹیفکیٹس، ٹی پی رپورٹس، قبضہ سلپس کے اجرا کے امور کامیابی سے انجام دیئے جا رہے ہیں۔ یہ بات قائمقام ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند نے مطالعاتی دورہ پر آئے ہوئے کشمیر انسٹیٹیوٹ اف مینجمنٹ مظفرآبا د میں آٹھویں پروفیشنل پلاننگ اینڈ مینجمنٹ کورس کے شرکا 19 رکنی افسران کی ٹیم کو بریفنگ سیشن کے دوران بتائی جنہوں نے چیف انسٹرکٹر کشمیر انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ ابرار احمد کی سربراہی میں ایف ڈی اے کمپلیکس کا دورہ کیا۔ قائمقام ڈائریکٹر جنرل قیصر عباس رند اور ایف ڈی اے کے دیگر افسران نے مہمان افسران کی ٹیم کا استقبال کیا۔ اس موقع پر چیف انجینیئر مہر ایوب، ڈائریکٹرز اسما محسن، جنید حسن منج، سہیل مقصود پنوں، عاصم محمود و دیگر افسران موجود تھے۔ قائمقام ڈائریکٹر جنرل قیصر عباس رند نے بریفنگ دیتے ہوئے ایف ڈی اے کے تنظیمی ڈھانچے لیگل فریم ورک, رولز، پالیسیز ورکنگ بانڈری اور دائرہ اختیار کے علاوہ زیر تربیت افسران کو اربن ڈویلپمنٹ کے حوالے سے ترقیاتی سرگرمیوں، ذرائع آمدن اور بجٹ کی تفصیلات سے اگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ شہری ترقی کے لیے ایف ڈی اے کی طرف سے ساڑھے چودہ ارب روپے مالیت کے متعدد ترقیاتی منصوبے کی تجویز کیے گئے ہیں جبکہ عبداللہ پور جھمرہ روڈ فلائی اوور، کینال روڈ پر کشمیر انڈر پاس سمیت دیگر کئی میگا پروجیکٹس ایف ڈی اے کے کریڈٹ میں شامل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایف ڈی اے کے زیر کنٹرول 18 رہائشی کالونیوں اور 17 کمرشل مارکیٹس کی پراپرٹی مینجمنٹ اور دیگر انتظام و انصرام چلایا جا رہا ہے اسی طرح ایف ڈی اے سٹی شہر کا بڑا رہائشی منصوبہ بھی مثالی اہمیت کا حامل ہے جس میں سٹیٹ آف دی ارٹ سپورٹس کمپلیکس قائم کرکے انڈور گیمز کے حوالے سے عالمی معیار کی سروسز فراہم کی جا رہی ہیں جس کی مزید ماسٹر پلاننگ بھی تجویز کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایف ڈی اے سٹی میں ایکو فارسٹ اینڈ نیچرل پارک کی منصوبہ سازی کی گئی ہے جو نہ صرف مقامی شہریوں بلکہ سیاحوں کے لیے بھی بڑی کشش اور دلچسپی کا باعث ہوگا۔ قائمقام ڈائریکٹر جنرل نے ایف ڈی کی مختلف سروسز، ہیومن ریسورسز اور مالیاتی امور میں جدید اصلاحات، نئے انتظامی و ترقیاتی اقدامات، مستقبل کے منصوبوں اور بعض مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے غیر قانونی ہاسنگ سکیموں اور تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کے بارے میں بتایا۔ افسران کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے قائمقام ڈائریکٹر جنرل نے بتایا کہ ایف ڈی اے کے زیر انتظام 20 سالہ فیصل آباد ماسٹر پلان ترتیب دیا گیا ہے جس کا معاملہ عدلیہ میں زیر سماعت ہے جبکہ پیری اربن سٹریکچر پلان نافذ العمل ہے۔ چیف انسٹرکٹر کشمیر انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ مظفراباد ابرار احمد نے عمدہ مہمان نوازی اور سرکاری امور میں تجربات کی سانجھ کرنے پر قائمقام ڈائریکٹر جنرل قیصر عباس رند اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر قائمقام ڈائریکٹر جنرل قیصر عباس رند اور چیف انسٹرکٹر کشمیر انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ ابرار احمد نے یادگاری شیلڈز کا تبادلہ کیا۔ بعد ازاں افسران کی ٹیم نے ایف ڈی اے ون ونڈو کانٹر کا دورہ کیا اور ایک ہی چھت کے نیچے فراہم کی جانے والی سروسز کے طریقہ کار کا جائزہ لیا۔ قائمقام ڈائریکٹر جنرل نے انہیں بتایا کہ درخواست گزاروں کو 27 سے زائد سروسز ون ونڈو کانٹر کے ذریعے مستعد انداز میں فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ ایف ڈی اے کی ہیلپ لائن 1237 شہریوں کی خدمت کے لیے ہمہ وقت فعال ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں