فیصل آباد کی مستقبل کی صنعتی ترقی کے حوالے سے یہاں نیا ائیر پورٹ ناگزیر ہے،میاں جاوید اقبال

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)فیصل آباد کی فضائی ضروریات کیلئے سول ایوی ایشن اتھارٹی کو بیک وقت شارٹ اور لانگ ٹرم حکمت عملی کے تحت موجودہ ائیر پورٹ کی توسیع اورنئے ائیر پورٹ کے قیام کیلئے منصوبہ بندی کرنا ہو گی۔ یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے سابق صدر اور گروپ لیڈر میاں جاوید اقبال نے ائیر پورٹ منیجر محترمہ تسنیم اختر جمیل کی قیادت میں چیمبر کادورہ کرنے والے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وفد میں ایڈیشنل ڈائریکٹر Strategic پلاننگ پی اینڈ ڈی انجینئر محمد شہزاد اصغر ، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرلArchitecture پی اینڈ ڈی اور سینئر جوائنٹ ڈائریکٹر فیصل آباد انٹر نیشنل ائیر پورٹ مرزا محمد علیم بھی شامل تھے۔ میاں جاوید اقبال نے کہا کہ فیصل آباد کی مستقبل کی صنعتی، معاشی اور معاشرتی ترقی کے حوالے سے یہاں نیا ائیر پورٹ ناگزیر ہے۔ جسے ریل اور روڈ کے ذریعے منسلک ہونے کے ساتھ ساتھ صنعتی پھیلائو والے علاقوں کے نزدیک تر ہونا چاہیے تاکہ ملکی اور غیر ملکی مسافروں کے ساتھ ساتھ برآمد ی کنسائنمنٹس کیلئے آسان رسائی کویقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے سول ایوی ایشن کے حکام سے کہا کہ اس سلسلہ میں مثبت تکنیکی رپورٹ کو مکمل کر کے جلد چیمبر کے ساتھ شیئر کریں تاکہ اس معاملے کو اعلیٰ سطح پر اٹھایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ نئے منصوبے کو فیصل آباد کی آئندہ پچاس سالوں کی ضروریات کیلئے ڈیزائن کیا جائے ۔ صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے فیصل آباد کے موجودہ ائیر پورٹ کی تو سیع کے سلسلہ میں سول ایوی ایشن کی کوششوں کو سراہا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں مل بیٹھ کے واضح اور شفاف حکمت عملی وضع کرنا ہو گی تاکہ موجودہ ائیرپورٹ سے اس کے پورے پوٹینشل کے مطابق فائدہ اٹھایا جا سکے۔انہوں نے سول ایوی ایشن اتھارٹی پر زور دیا کہ وہ فیصل آباد ائیر پورٹ سے مزید ڈومیسٹک اور بین الاقوامی پروازیں چلانے کا انتظام کرے۔ ائیر پور ٹ منیجر محترمہ تسنیم اختر جمیل نے بتایا کہ فی الحال اس ائیر پورٹ کی چالیس فیصد کیپسٹی کو استعمال کیا جا رہا ہے جبکہ 60فیصد بقیہ کیپسٹی کو استعمال کر کے 24گھنٹے پروازوں کی آمدورفت کا سلسلہ شروع کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس ائیر پورٹ پر رات کے وقت لینڈنگ کی بھی سہولت موجود ہے۔ اس موقع پر سول ایوی ایشن کی ٹیم نے مختلف تکنیکی معاملات پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی فیصل آباد کے متعلقہ مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے کوشاں ہے۔اس موقع پر سینئر نائب صدر قیصر شمس گچھا، نائب صدر شاہد ممتاز باجوہ اور ائیر انڈسٹری سے متعلقہ اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں