97

فیصل آباد کے لیگی امیدواروں کیلئے آج اور کل کا دن اہم

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) الیکشن 2024ء میں 30روز باقی رہ گئے ہیں تاہم پاکستان مسلم لیگ ن تاحال پارٹی امیدواروں کا فیصلہ نہ کر سکی ہے۔ جس کی وجہ سے لیگی امیدواروں میں بے چینی پائی جاتی ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق آج 9جنوری اور کل 10جنوری کے دن لیگی امیدواروں کے لئے بہت اہمیت کے حامل ہیں۔ کیونکہ لیگی قیادت نے پارٹی امیدواروں کا چنائو کر لیا ہے۔ حتمی فہرست تیار ہو چکی ہے ۔12جنوری تک لیگی امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ جاری ہو جائیں گے۔ جس کا آغاز آج سے ہونے کا قوی امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق فیصل آباد کے لیگی امیدواروں کو آج اور کل پارٹی ٹکٹ مل سکتے ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے اپنے معتبر ساتھیوں کی مشاورت سے پارٹی امیدواروں کے نام فائنل کئے ہیں۔ فیصل آباد کے حوالے سے یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ 2024ء کے الیکشن میں بعض حلقوں میں نئے چہروں کو میدان میں اتارا جا رہا ہے۔ان میں سے اکثر کو لیڈر شپ کی جانب سے گرین سگنل بھی مل چکا ہے۔پارٹی ذرائع کے مطابق 2018ء کا الیکشن ہارنے والے دوسے زائد لیگیوں کو 2024ء کے الیکشن کا ٹکٹ نہیں مل رہا۔ فیصل آباد میں چار نئے چہرے پارٹی ٹکٹ ملنے کے لئے پرامید ہیں۔ جنہیں پارٹی ٹکٹ نہیں مل رہا ان کی بے چینی حالات کے متعلق بتا رہی ہے اور جن نئے چہروں کو شیر کاانتخابی نشان مل رہا ہے ان کی خوشی بھی قابل دید ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں