فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ضلعی انتظامیہ کی غفلت اور لاپرواہی کے سبب مدینہ ٹائون سوساں روڈ پر فیضان مدینہ چوک میں دونوں اطراف روڈ ٹوٹ پھوٹ کا شکار’ سیوریج کا گندہ پانی کھڑا ہونے سے ٹریفک کے بہائو میں شدید مشکلات کا سامنا، کمشنر سلوت سعید’ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر’ چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن سے سوساں روڈ کی جلد مرمت کا مطالبہ۔ تفصیل کے مطابق سوساں روڈ پر واقع فیضان مدینہ چوک میں مدرسہ کے سامنے سڑک ٹوٹنے سے گڑھے پڑ گئے، جمپ لگنے سے شہریوں کی گاڑیاں تباہ ہونے لگیں، جبکہ اس کے بالمقابل دوسری طرف الخیام ہوٹل وآئیڈیل بیکری کے سامنے سیوریج کے گندے پانی نے تباہی مچا رکھی ہے۔ گندے اور تعفن زدہ پانی کے کھڑے ہونے سے شہریوں کو گزرنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ جسکی وجہ سے ٹریفک کا جام رہنا بھی معمول بن چکا ہے۔ شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے سڑکوں کی تعمیر ومرمت کرنے کے احکامات جاری کر رکھے ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ شاہراہوں کی تعمیر ومرمت کی طرف توجہ نہیں دے رہی۔ جہاں پر شہری حلقوں نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ مدینہ ٹائون سوساں روڈ فیضان مدینہ چوک کے روڈ کو جلد درست کیا جائے۔
2