فیض اللہ کموکا کی والدہ ماجدہ مدینہ منورہ میں انتقال کرگئیں

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)سابق ایم این اے چوہدری فیض اللہ کموکا ‘ کرنل سمیع اللہ کموکا’سابق پولیس انسپکٹر سیف اللہ کموکا’سابق وائس چیئرمین ایف ڈی اے چوہدری کلیم اللہ کموکا’چوہدری علی حسن کموکا کی والدہ ماجدہ اور ڈی ایس پی ٹریفک پولیس سرکل سول لائن چوہدری محمد نواز کموکا کی خوشدامن عمرہ کی ادائیگی کی سعادت حاصل کرنے کے بعد آج صبح سرزمین مدینہ منورہ میں انتقال فرما گئیں( اناللہ وانا الیہ راجعون) یہ خبر ملتے ہی کرنل سمیع اللہ کموکا اور چوہدری کلیم اللہ کموکا اپنی فیملیز کے ہمراہ اپنی والدہ ماجدہ کی مدینہ منورہ میں تدفین کرنے کے لئے سعودی عرب روانہ ہو گئے۔ مسجد نبویۖ میں نماز جناز ہ کی ادائیگی کے بعد مرحومہ مغفورہ کوجنت البقیع میں سپردخاک کیاجائے گا۔سابق ایم این اے چوہدری فیض اللہ کموکا پہلے سے ہی امریکہ میں ہیں۔تفصیلات کے مطابق سابق ایم این اے چوہدری فیض اللہ کموکا(کموکا برادران) کی والدہ ماجدہ گزشتہ کئی سالوں سے ہر سال ماہ مقدس رمضان المبارک میں عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے بعد باقی سارا ماہ مدینہ منورہ میں ہی گزارتیں’ اس برس بھی وہ 2رمضان المبارک کو عمرہ کی ادائیگی کے لئے مکہ مکرمہ گئیں اور عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے بعد مدینہ منورہ چلی گئیں۔ ان دنوں وہ مدینہ منورہ میں ہی قیام پذیر تھیں کہ گزشتہ رات افطاری کے وقت ان کی اچانک طبیعت خراب ہوئی تو انہیں فوری طور پر ہسپتال لیجایا گیا مگر وہاں پر وہ آج صبح اپنے خالق حقیقی سے جا ملیں۔ یہ اطلاع ملتے ہی ان کے صاحبزادے کرنل سمیع اللہ کموکا اور کلیم اللہ کموکا پاکستان سے مدینہ منورہ پہنچ گئے۔آج رات مسجد نبویۖ میں مرحومہ مغفورہ کی نماز جنازہ ادا کی جائے گی اور انہیں جنت البقیع کے قبرستان میں ہی سپردخاک کیا جائے گا۔یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ تدفین کے بعد کموکا برادران جب فیصل آباد پاکستان پہنچیں گے اس وقت یہاںپر مرحومہ مغفورہ کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی جائے گی۔ڈیلی بزنس رپورٹ کے ایڈیٹر ہمایوں طارق اور نیوز ایڈیٹر ریاض ملک نے ”ماں جی”کے انتقال پر کموکا برادران کے ساتھ گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ مغفورہ کے درجات کی بلندی کے لئے خصوصی دعا مانگی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں