فیلڈ مارشل عاصم منیر کی امریکہ میں پذیرائی،بھارت میں ماتم

اسلام آباد (بیوروچیف) فیلڈ مارشل عاصم منیر کی امریکہ میں موجودگی اور صدر ٹرمپ سے ملاقات پر بھارت سخت پریشانی کے عالم میں مبتلا ہوگیا۔بھارتی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ حالیہ بیان دراصل عالمی سطح پر بھارتی ساکھ بچانے کی ناکام کوشش ثابت ہوئی ہے۔بھارتی وزارت خارجہ کے بیان میں آپریشن سندور کے دوران نپی تلی اور غیر اشتعال انگیز کارروائی کے دعوے کیے گئے۔آپریشن سندور کی ناکامی نے بھارتی دعووں کو جھوٹ ثابت کیا، جس بات کی تصدیق عالمی برادری کی جانب سے بھی کی گئی ہے۔عالمی برادری اس حقیقت سے واقف ہے کہ بھارت نے جارحیت کا آغاز کیا، جبکہ پاکستان اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے مطابق دفاعی کارروائی کی۔بھارت کی جانب سے پاکستانی افواج کو نقصان پہنچانے کے دعوے بھی حقائق کے منافی ہیں، عالمی ذرائع نے پاک فضائیہ کی برتری کو تسلیم کیا۔پاک فضائیہ نے بھارتی جنگی طیارے مار گرائے اور دنیا نے دیکھا کہ بھارت کو فضائی محاذ پر منہ کی کھانا پڑی۔مودی سرکار کی امن کی باتیں بھی محض دکھاوا ثابت ہوئیں، حقیقت میں بھارت ہمسایہ ممالک کے خلاف جارحانہ پالیسیوں کے لیے بدنام ہے۔بھارتی وزارتِ خارجہ کا حالیہ بیان پاکستان اور امریکہ کے بہتر تعلقات کو سبوتاژ کرنے کی ناکام کوشش ہے۔مودی سرکار کی عالمی سطح پر اپنی ساکھ بچانے کی ہر تدبیر ناکامی سے دوچار ہے۔دریں ثناء ۔واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) فیلڈ مارشل عاصم منیر نے امریکی صدر ٹرمپ سے اہم ملاقات کی جس میں تجارت اور توانائی سمیت ایران اسرائیل تنازع پر بھی بات چیت کی گئی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے وائٹ ہائوس میں صدر ٹرمپ سے ملاقات کی جس دوران امریکی وزیر خارجہ سینیٹر مارکو روبیو، مشرق وسطی امور کے امریکی خصوصی نمائندے اسٹیو وٹکوف جب کہ پاکستان کے قومی سلامتی کے مشیر بھی ملاقات میں موجود تھے۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ امریکی صدر اور فیلڈ مارشل کی اعلی سطح کی ملاقات کابینہ روم میں ظہرانے کے موقع پر ہوئی جس کے بعد اوول آفس کا دورہ کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے پاکستان اور اس کے عوام کی جانب سے صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے صدر ٹرمپ کی اقوام عالم کے چیلنجز سمجھنے کی قائدانہ صلاحیتوں اور عالمی چیلنجزسے نبردآزما ہونیکی صلاحیتوں کو بھی سراہا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اعلی سطح کی ملاقات میں تجارت، معدنیات، مصنوعی ذہانت، توانائی اور کرپٹو کرنسی سمیت کئی شعبوں میں بھی دو طرفہ تعاون پر بات چیت کی گئی جب کہ ملاقات میں صدر ٹرمپ نے پاکستان سیطویل مدتی اسٹریٹیجک اشتراک اور مشترکہ مفادات پرمبنی تجارتی شراکت داری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر اور صدر ٹرمپ کی ملاقات میں ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ دونوں جانب سے ایران اور اسرائیل تنازع کے پرامن حل کی اہمیت پر زور دیا گیا۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ فیلڈ مارشل اور امریکی صدر کی ایک گھنٹے کی شیڈول ملاقات 2گھنٹوں سے زیادہ جاری رہی جس میں صدر ٹرمپ نے مشکل علاقائی حالات میں فیلڈ مارشل عاصم منیرکی قیادت اورفیصلہ کن کردارکو سراہا جب کہ فیلڈ مارشل نے حکومت پاکستان کی جانب سے صدر ٹرمپ کو مناسب موقع پر دورہ پاکستان کی دعوت دی۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ ملاقات پاک امریکا دیرینہ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانیکی کوششوں میں اہم سنگِ میل ہے۔فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ آج فیلڈ مارشل عاصم منیرسے ملاقات کا اعزاز حاصل ہوا۔ٹرمپ نے کہا فیلڈ مارشل عاصم منیر کو بھارت کے خلاف جنگ روکنے پر شکریہ اداکرنے کیلئے مدعو کیا تھا، ان سے ایران کے معاملے پر بھی بات ہوئی۔ٹرمپ نے کہاکہ پاکستان کے ساتھ تجارتی معاہدے پر بات چیت ہو رہی ہے ، پاکستان اور بھارت دونوں جوہری طاقتیں ہیں، فیلڈ مارشل عاصم منیر کا شکریہ کہ وہ جنگ کی طرف نہیں گئے۔امریکی صدر نے کہاکہ پاکستان، ایران کو دیگر لوگوں کے مقابلے میں زیادہ بہتر جانتا ہے ، پاکستانی اس صورتحال پر خوش نہیں ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں