فیکٹری میں زور دار دھماکہ،دو مزدورجاں بحق،تین زخمی

گوجرانوالہ (بیوروچیف) گوجرانوالہ میں میٹل فیکٹری میں دھماکے کے بعد آگ لگنے سے 2مزدور جاں بحق اور 3زخمی ہوگئے۔افسوسناک واقعہ کھیالی کے علاقہ میں پیش آیا جہاں پرمیٹل فیکٹری میں لوہے کی ڈھلائی کے دوران بٹھی میں اچانک دھماکہ ہوگیا اور فیکٹری میں آگ لگ گئی ،دھماکے اور آگ کے نتیجہ میں 2مزدور موقع پر ہی جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہوگئے۔اطلاع ملنے پر ریسکیو کی 6گاڑیاں موقع پر پہنچیں اور ایک گھنٹے کی فائر فائٹنگ کے بعد آگ پر قابو پالیا، ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں 18سالہ ریحان اور 15سالہ نامعلوم نوجوان مزدور جاں بحق ہوئے ہیں، نعشوں اور زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ کھیالی پولیس نے واقعہ کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں