قاتلانہ حملوں میں2بھائیوں سمیت4افراد لہولہان،نوجوان نے خود کو گولی مار لی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) قاتلانہ حملوں میں دو بھائیوں سمیت 4 افراد بری طرح زخمی ہو گئے جبکہ نوجوان کی خود کو گولی مار کر خودکشی کی کوشش’ مضروبان کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ تھانہ ائیرپورٹ کے علاقہ 67 ج ب میں 14 سالہ حیدر حسین اپنے کزنوں کے ساتھ محلہ میں کھیل رہا تھا کہ اچانک نامعلوم اندھی گولی اس کے کندھے پر لگنے سے بری طرح زخمی ہو گیا جبکہ تھانہ روشن والا کے علاقہ 248 رب کے رہائشی بابر نے بتایا کہ اس کا والد طارق مسجد سے نماز پڑھ کر نکلنے لگا تو ملزمان سلطان وغیرہ نے چھریوں کے وار کر کے بری طرح زخمی کر دیا جبکہ تھانہ کھرڑیانوالہ کے علاقہ 140 رب کے رہائشی سکندر علی کا کہنا ہے کہ اس کے بیٹے عبدالحمید کا ملزمان شہرام وغیرہ کے ساتھ کسی بات پر جھگڑا ہوا تو موقع پر موجود افراد نے معاملہ رفع دفع کروایا۔ تاہم ملزمان نے اپنی بے عزتی کا بدلہ لینے کیلئے فائرنگ کر کے اس کے بیٹے عبدالحمید اور امجد کو بازار جاتے ہوئے گولیاں مار کر بری طرح زخمی کر دیا۔ علاوہ ازیں ساندل بار کے علاقہ 40 ج ب میں گھریلو جھگڑے پر 17سالہ نوجوان جہانزیب ولد محسن نے خود کو گولی مار کر خودکشی کی کوشش کی تاہم اہل خانہ نے تشویشناک حالت میں ہسپتال پہنچا دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں