قتل کا بدلہ قتل،مخالفین کی فائرنگ سے 2افراد ہلاک

ٹھیکریوالہ(نامہ نگار) تھانہ ٹھیکری والا کے علاقہ میں مخالفین نے قتل کا بدلہ لینے کی خاطر بہنوئی اور سالے کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈویژنل کالونی کے رہائشی احسان ولد سردار عمر 30/32سال اور عامر ولد لطیف عمر 30/32 سال چک نمبر 336ج ب موٹر سائیکل پر پینسرہ سے ڈنڈیوال کی جانب جا رہے تھے کہ چک نمبر 275ج ب نزد ڈویژنل کالونی کے قریب کار میں سوار ملزمان آصف مقبول’ زین’ سکندر’ اکبر عرف اکبری اور 2نامعلوم ملزمان ساکنان چک نمبر 334 ج ب تحصیل گوجرہ نے ان پر فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجہ میں احسان ولد سردار موقع پر جاں بحق ہو گیا جبکہ عامر ولد لطیف شدید زخمی ہو گیا۔ زخمی عامر کو ریسکیو 1122کی مدد سے فوری طور پر الائیڈ ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں دم توڑ گیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ ذاتی رنجش کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے، مقتولین اور ملزمان کی دشمنی چلی آرہی ہے۔ تاہم ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ تھانہ ٹھیکریوالہ پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں