قتل کے ایک مجرم کو موت،دوسرے کو عمر قید کی سزا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سیشن کورٹس سے تین قتل واقدام قتل کے مقدمات کا فیصلہ سنا دیا گیا، ایک مجرم کو سزائے موت’ دوسرے کو عمر قید اور تیسرے کو قید وجرمانوں کی سزا کا حکم سنا دیا۔ ایڈیشنل سیشن جج اسد اﷲ نے تھانہ ساہیانوالہ کے مقدمہ قتل کا فیصلہ سناتے ہوئے مجرم حسنین کو سزائے موت’ 10لاکھ جرمانہ کی سزا کاحکم سنایا۔ مجرم حسنین نے یکم دسمبر 2022ء کو ساہیانوالہ کے علاقہ 153 رب پرانی دشمنی ورقم کے لین دین کے تنازعہ پر مخالف جواد حسین کو قتل کر دیا تھا۔ جبکہ ایڈیشنل سیشن جج مظفر خان نے تھانہ ساندل بار کے مقدمہ قتل کا فیصلہ سناتے ہوئے مجرم محمد افضل کو عمر قید اور 2لاکھ جرمانہ کی سزا کا حکم سنایا۔ استغاثہ کے مطابق یکم فروری 2025ء کو 57 رب گھیالہ میں معمولی جھگڑے پر مجرم افضل نے مدعی کو سوتے میں سر میں اینٹ مار کر ابدی نیند سلا دیا تھا۔ علاوہ ازیں ایڈیشنل سیشن جج ثاقب اعوان نے تھانہ سٹی جڑانوالہ کے مقدمہ قتل واقدام قتل کا فیصلہ سناتے ہوئے مجرم قاسم کو 13سال قید ساڑھے 5لاکھ جرمانہ کی سزا کا حکم سنا دیا۔ استغاثہ کے مطابق 15جون 2022ء کو محلہ اسلام پورہ جڑانوالہ میں جائیداد کے تنازعہ پر مجرم قاسم وغیرہ نے فائرنگ کر کے مصطفی کو قتل اور اس کے عزیز اشفاق کو بری طرح زخمی کر دیا تھا۔ تاہم پولیس نے تینوں مقدمات میں مجرمان کو گرفتار کر کے چالان عدالت بھجوائے تو فاضل ججز نے سماعت کے دوران جرم ثابت ہونے پر مجرمان کو مذکورہ بالا سزائوں کا حکم سنا دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں