قرآن و سنت پر عمل پیرا ہونا فلاح کا ذریعہ ہے

فیصل آباد(آن لائن) جامعہ العلوم الاسلامیہ بنوری ٹائون کراچی کے نائب مہتمم مولاناڈاکٹر سید احمد یوسف بنوری نے کہا ہے کہ افسوس کہ اسلام سے دوری کے نتیجے میں آج خود اسلامی معاشروں کے اندر اخلاقی فساد، بے حسی، ظلم اور فکری انتشار نے جنم لے لیا ہے۔ وہ اقدار جو کبھی مسلمانوں کی شناخت تھیں، اب کمزور پڑتی جا رہی ہیں، اور ہم دوسروں کو الزام دینے کے بجائے اپنی سمت کا جائزہ لینے سے گریزاں ہیں,جب زندگی کا مقصد محض دنیاوی مفادات اور لذت بن جائے تو دلوں سے سکون، معاشروں سے عدل اور تعلقات سے اخلاص رخصت ہو جاتا ہے۔ ان خیالات کا اظہارڈاکٹر سید احمد یوسف بنوری نے فیصل آباد کے معروف ادارہ جامع مسجد الخلیل معھدالخلیل الاسلامی میں عوام الناس کے جم غفیر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیااس موقع پر چیئرمین عائش کاسمیٹکس مولانا ابراھیم خلیل نقشبندی، صدر انجمن تاجران منٹگمری بازار حاجی محمد عابد، صدر حنان ایجوکیشنل اینڈویلفیئرسوسائٹی حافظ عبدالعزیزمولانا رضا اللہ مولانا عدیل شاہ اور مفتی سلیمان معاویہ کراچی بھی موجود تھے۔ مہتمم ڈاکٹر سید احمد یوسف بنوری نے مزید کہا کہ مادی نظری حیات نے مسلمانوں کو ایک ایسی اندھی دوڑ میں مبتلا کر دیا ہے جس کا انجام شدید باہمی اختلاف، انتشار اور اخلاقی زوال کے سوا کچھ نہیں۔ جب زندگی کا مقصد محض دنیاوی مفادات، طاقت اور لذت بن جائے تو دلوں سے سکون، معاشروں سے عدل اور تعلقات سے اخلاص رخصت ہو جاتا ہے۔حالانکہ اسلام ایک عظیم نعمت ہے؛ ایسی ہمہ گیر ہدایت جو اگر مسلمان شعوری طور پر اس کی قدر کریں تو ان کی دنیا بھی سنور سکتی ہے اور آخرت میں بھی وہ کامیابی اور اجر کے مستحق ٹھہر سکتے ہیں۔ اسلام انسان کو توازن سکھاتا ہے نہ دنیا سے فرار اور نہ دنیا پرستی، بلکہ ذمہ داری، اخلاق اور بندگی کا حسین امتزاج ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب دل اللہ سے جڑ جائیں گے تو راستے خود بخود سیدھے ہوتے چلے جائیں گے۔ انہوں نے اپنی تقریر میں بانی جامع مسجد الخلیل حاجی زاھد عزیزی رحمہ اللہ کی خدمات کو سراہا اور ان کی مغفرت اور ترقی درجات کیلئے دعا کی بعد ازاں ملک و قوم کیلئے ترقی و سلامتی کیلئے دعا کا اہتمام کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں