فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) قربانی کے جانور کی خریداری کیلئے جانیوالے موٹرسائیکل سوار دو دوست کار کی ٹکر لگنے سے جاں بحق ہو گئے، نعشیں گھر پہنچنے پر علاقہ میں کہرام مچ گیا، ہر آنکھ اشکبار ہو گئی۔تفصیلات کے مطابق ڈی ٹائپ کالونی کے رہائشی کاشف شہزاد نے بتایا کہ اس کا 45 سالہ بھائی عارف ولد نذیر احمد اپنے دوست 40 سالہ قیصر ولد نذیر احمد کے ہمراہ قربانی کے جانور خریدنے کیلئے سمندری روڈ پر واقع نیاموآنہ مویشی منڈی جا رہے تھے کہ جب وہ نیاموآنہ منڈی موڑ کے قریب پہنچے تو تیز رفتار کار کی ٹکر لگنے سے بری طرح زخمی ہو کر گر پڑے۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی ٹیم موقع پر پہنچی تو دونوں دوست زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ چکے تھے، پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیں۔ نعشیں گھر پہنچنے پر علاقہ میں کہرام مچ گیا اور لوگوں کی بڑی تعداد موقع پر جمع ہو گئی، تاہم پولیس نے کارروائی عمل میں لاتے ہوئے حادثے کے مرتکب کار ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی ہے۔
25