قلندرز نے تیسری بار PSLجیت لیا

لاہور (سپورٹس نیوز) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10کے فائنل میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 6وکٹ سے شکست دیدیقذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے ایونٹ کے فائنل میں لاہور قلندرز نے فتح کے ساتھ تیسری بار پی ایس ایل کی حکمرانی کا تاج اپنے سر پر سجا لیا۔شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں لاہور قلندرز نے 2022 اور 2023 کے بعد 2025 میں تیسری بار پی ایس ایل کا ٹائٹل جیتا ہے۔لاہور قلندرز کے کوشل پریرا اور سکندر رضا نے پانچویں وکٹ پر 59رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کی اور ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔کوشل پریرا نے 31گیندوں پر 4چھکوں اور 5چوکوں کی مدد سے 62رنز بنائے جبکہ سکندر رضا نے صرف 7گیندوں پر 22رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔میچ میں کوشل پریرا اور سکندر رضا کی شراکت سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کامیابی کے امکانات کافی روشن تھے لیکن ان دونوں نے حریف ٹیم کے بولرز کی ایک نہ چلنے دی۔لاہور قلندرز کی طرف سے فخر زمان اور محمد نعیم نے محتاط انداز میں بیٹنگ شروع کی، 39 کے مجموعے پر فخر زمان 11 رنز بناکر پویلین لوٹے۔فہیم اشرف نے محمد نعیم کی اہم وکٹ 85 کے مجموعی اسکور پر اپنے نام کر لی، لاہور قلندرز کے دوسرے اوپننگ بیٹر 27 گیندوں پر 6 چھکوں اور 1 کی مدد سے 47 رنز بنا کر میدان چھوڑ گئے۔لاہور قلندرز کی تیسری وکٹ 115 کے مجموعے پر گری، عبداللہ شفیق 41 رنز بناکر اسامہ طارق کا شکار بن گئے جبکہ چوتھی وکٹ 145 کے اسکور پر راجہ پاکسے کی گری، اسے محمد عامر نے پویلین بھیجا۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی طرف سے محمد عامر، فہیم اشرف، ابرار احمد اور اسامہ طارق نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل فائنل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کو 202 رنز کا ہدف دیا، میچ میں کوئٹہ کی قیادت سعود شکیل اور لاہور کی کپتانی شاہین آفریدی کے سپرد ہے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹ پر 201 رنز اسکور کیے، حسن نواز نے 76 رنز کی اننگز کھیلی، اوشیک فرنانڈو نے 29 جبکہ فہیم اشرف نے 8 گیندوں پر 28 رنز اسکور کیے۔لاہور قلندرز کے شاہین آفریدی نے 3، حارث روف اور سلمان مرزا نے 2، 2 وکٹ حاصل کیں۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی فائنل الیون میں فین الین، رئیلی روسو، حسن نواز، فرنانڈو، سعود شکیل، چندی مل، محمد وسیم، فہیم اشرف، عثمان طارق، محمد عامر اور ابرار احمد شامل تھے۔لاہور قلندرز کی حتمی ٹیم میں شاہین شاہ آفریدی، فخر زمان، محمد نعیم، عبداللہ شفیق، کوشل پریرا، راجہ پاکسے، آصف علی، رشاد حسین، سکندر رضا، سلمان مرزا اور حارث روف شامل تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں