قومیں اس وقت ہارتی ہیں جب غفلت غالب آ جائے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان فلاح پارٹی کے سینئر وائس چیئرمین سید آفتاب عظیم بخاری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے، اور یہ ایک مسلمہ حقیقت ہے کہ افواج پاکستان نے ہمیشہ پاکستان کی حفاظت اور دفاع کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔ ہم یہ بات یقین سے کہہ رہے ہیں کہ ایران میں ہو نے حالات و تبدیلیوں کا اصل ہدف پاکستان ہے۔ عالمی طاقتیں بخوبی جانتی ہیں کہ پاکستان صرف ایک ملک نہیں، بلکہ دنیا کی واحد ایٹمی مسلم ریاست ہے۔ اسی لیے اس پر براہِ راست حملہ آسان نہیں۔ ہم یہ بات بھی واضح بتانا چاہتے ہیں کہ پاکستان پر دشمن حملہ ٹینکوں سے نہیں کر سکتے۔ پاکستان میں جنگ مہنگائی سے لڑی گئی، قرضوں سے، انتشار سے، لسانی، سیاسی اور نظریاتی تقسیم سے۔ یہ وہ جنگ ہے جس میں گولیاں نہیں ، بیانیے چلتے ہیں۔ بارود نہیں ، معیشت کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔ سرحدیں نہیں ۔قوم کے اندر دراڑیں ڈالی جاتی ہیں۔ ہم اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ یہ نارمل پاکستان نہیں، یہ وہ پاکستان ہے جو آنکھ میں چبھتا ہے۔ یہ وہ پاکستان ہے جو ایٹمی قوت ہے، جو نظریہ رکھتا ہے، جو امتِ مسلمہ کی امید بن سکتا ہے۔ اسی لیے یہ نشانے پر ہے۔ہم قوم سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس خطرے کو سمجھیں اور اس کے خلاف یکجہتی کے ساتھ کھڑے ہوں۔ پاکستان فلاح پارٹی اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ قومیں اس وقت ہارتی ہیں جب ان کے اندر غفلت غالب آ جاتی ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ ہم اس بات پر زور دے رہے ہیں کہ ہم پاکستان کو ایک مضبوط اور خودمختار ملک بنانے کے لیے کام کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں