51

قوم آج 27واں یوم تکبیر منا رہی ہے (اداریہ)

اہل پاکستان آج ملک وملت کے تحفط ودفاع کی ضامن ایٹمی صلاحیت کے حصول کے یادگار دن 27ویں یوم تکبیر کے طور پر منا رہے ہیں 27برس قبل 28مئی 1998ء کو پاکستان نے بھارت کیطرف سے ہونے والے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں پانچ ایٹمی دھماکے کر کے دنیا کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا تھا اور بھارت جیسا ازلی دشمن بھی اس ایٹمی دھماکے پر انگشت بدنداں رہ گیا تھا بھارت نے 1974ء میں پہلا ایٹمی دھماکہ کر کے دنیا کو اپنے ایٹمی طاقت ہونے کی اطلاع دی تھی اور پاکستان کو پیغام دیا تھا کہ بھارت ایٹمی طاقت بن چکا ہے بھارتی ایٹمی دھماکوں کے بعد پاکستان کے پاس کوئی دوسرا راستہ یا آپشن نہیں تھا سوائے اس کے کہ ہم بھی اپنی سلامتی کے تحفظ کیلئے ایٹمی صلاحیت سے ہمکنار ہوں امریکہ سمیت اس دور کی دیگر ایٹمی طاقتیں بھی ہمیں اپنے دفاع کا جائز حق دینے کو تیار نہیں تھیں جبکہ بھارت نے دوبارہ 11مئی اور پھر 13مئی 1998ء کو تین دھماکے کر کے پاکستان کو بھی اپنے ایٹمی قوت ہونے کا اعلان کرنے پر مجبور کر دیا عالمی طاقتیں بھارت کو تو ایٹمی دھماکے کرنے سے نہ روک سکیں لیکن پاکستان پر ہر انداز اور ہر لحاظ سے دبائو ڈالنے لگیں کہیں لالچ اور ترغیب کے ذریعے اور کہیں معاشی پابندیوں کی دھمکیوں کے ذریعے ہمیں ایٹمی طاقت بننے سے باز رہنے پر مجبور کیا جانے لگا لیکن پاکستان کی سول وعسکری قیادت کے ساتھ ساتھ قوم کے عزم صمیم اور ہمت وجرأت کے آگے کسی کی نہ چل سکی او رپاکستان کو ایٹمی دھماکے کرنے کا اٹل فیصلہ کرنا پڑا، 28مئی کا سورج ہماری آزادی وخودمختاری کے تحفظ کا ضامن بن کر طلوع ہوا تھا ایٹمی دھماکوں پر پوری دنیا بالعموم اور بھارت بالخصوص سکتے کے عالم میں چلا گیا اسے گمان ہی نہیں تھا کہ پاکستان بے سروسامانی کے باوجود اس کے مقابلے کا ایٹمی ملک بن جائے گا پاکستان کی طرف سے ہونے والے ایٹمی دھماکوں نے اس کی قیادت کے اوسان خطا کر دیئے اس کا تکبر اور زعم ہوا ہو گیا اسے طاقت کے توازن کے خیال نے ہی عدم توازن سے دوچار کر دیا،، قوم آج 27واں یوم تکبیر جوش وخروش سے منا رہی ہے سرکاری طور پر عام تعطیل ہے وفاقی وصوبائی حکومتوں آزاد کشمیر گلگت بلتستان میں تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں اور قومی ہیروز کے کارہائے نمایاں پر روشنی ڈالی جا رہی ہے فیصل آباد میں بھی سرکاری سطح پر یوم تکبیر منایا جا رہا ہے مسلم لیگ (ن) کارپوریشن کے زیراہتمام میونسپل کارپوریشن بلڈنگ میں ایک باوقار تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کی صدارت شیخ اعجاز احمد سابق ایم پی اے وسٹی صدر مسلم لیگ (ن) نے کی۔ ڈویژنل صدر (ن) لیگ اکرم انصاری مہمان خصوصی تھے جبکہ سابق رکن قومی اسمبلی میاں عبدالمنان’ میاں ضیاء الرحمان جنرل سیکرٹری سٹی ارکان پارلیمنٹ اور ٹکٹ ہولڈرز کے علاوہ صوبائی حلقہ جات کے صدور وسیکرٹریز ذیلی ونگز’ لیبر ونگ’ ایم ایس ایف’ لیڈیز ونگ’ کلچرل ونگ’ ٹریڈرز ونگ’ علماء ومشائخ ونگ’ یونین کونسلز کے سابق چیئرمینز’ وائس چیئرمینز اور پارٹی کارکنوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے والے ہیروز ڈاکٹر قدیر خان’ ثمر مبارک مند اور دیگر سائنسدانوں اور سابق وزیراعظم وصدر مسلم لیگ (ن) میاں نواز شریف کو ایٹمی دھماکے کرنے پر شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا گیا۔ علاوہ ازیں 27ویں یوم تکبیر کے حوالے سے شہر بھر میں ریلیاں بھی نکالی گئیں مقررین نے اپنے خطاب میں پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے اور ملک کو ناقابل تسخیر بنانے والے قومی ہیروز کی نمایاں خدمات کو سراہا اور ان کے کارہائے نمایاں پر روشنی ڈالی۔ پاکستان کے ایٹمی قوت بننے کے بعد بھارت جو پاکستان کو ہڑپ کرنے کے خواب دیکھ رہا تھا کو ایسی چُپ لگی کہ وہ پاکستان کی آنکھ میں آنکھ نہیں ڈال سکتا حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران بھارتی جارحیت کے جواب میں پاکستان کے شاہینوں نے چند گھنٹوں میں بھارتی ائیربیسز کو تہس نہس کر کے اپنی پیشہ وارانہ صلاحیت کا لوہا منوایا ہے جس سے دشمن نہ صرف خائف ہو چکا ہے بلکہ اب وہ پاکستان کے ساتھ بہت سوچ سمجھ کر پنگا لے گا بھارت سرکار یہ جان لے کہ پاکستان کا اگلا وار بھارت کو سنبھلنے نہیں دے گا بہتر یہی ہو گا کہ بھارت خطے میں امن کیلئے کردار ادا کرے اور پاکستان کے ساتھ تمام تنازعات کا مذاکرات کے ذریعے حل یقینی بنائے ورنہ اسے یہ علم ہے کہ پاکستان ایٹمی قوت ہے اور اسے دھمکانا اور ہرانا ناممکن بن چکا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں