لائیوسٹاک پیراویٹرنری سٹاف میں موٹر بائیکس تقسیم

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت محکمہ لائیو سٹاک نے ویٹرنری خدمات کو پیشہ ورانہ معیار، تیز تر فراہمی اور مقامی سطح پر موثر رسائی سے ہمکنار کرنے کے لئے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔اسی سلسلے میں فیصل آباد ڈویژن میں پیرا ویٹرنری سٹاف میں موٹر بائیکس کی تقسیم کی ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب سول ویٹرنری ہسپتال لیاقت روڈ فیصل آباد میں منعقد ہوئی جس کے مہمانِ خصوصی صدر یوتھ ونگ پنجاب رانا احمد شہریار تھے۔اس موقع پر ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر سید ندیم بدر،ایڈیشنل ڈائریکٹر قیصر خلیق قریشی، پاکستان مسلم لیگ (ن) فیصل آباد کے سٹی جنرل سیکرٹری میاں ضیاء الرحمن، رانا راشد، عطا سبحانی اور دیگر معززین نے شرکت کی۔تقریب کے دوران فیصل آباد ڈویژن کے 80پیرا ویٹرنری اہلکاروں کو موٹر سائیکلیں فراہم کی گئیں جو کہ دیہی و دور دراز علاقوں میں بروقت ویٹرنری خدمات کی فراہمی کو ممکن بنانے کی جانب ایک موثر اقدام ہے۔ رانا احمد شہریار نے کہا کہ موٹر بائیکس کی فراہمی سے پیرا ویٹرنری سٹاف کی کارکردگی میں خاطر خواہ بہتری آئے گی۔ حکومت پنجاب ویٹرنری ورکرز کی فلاح و بہبود اور سہولت کاری کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر ندیم بدر نے کہا کہ اس اقدام سے پیرا ویٹرنری سٹاف کی فیلڈ کوریج میں اضافہ ہوگا اور ردِعمل کا وقت نمایاں طور پر کم ہوگا۔ لائیو سٹاک سروسز کی بہتری کا مطلب کسانوں اور مویشی پال حضرات کا اعتماد بحال ہونا ہے۔شرکاء نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی عوام دوست پالیسیوں اور محکمہ لائیوسٹاک کی عملی کوششوں کو سراہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ یہ قدم ویٹرنری سروسز کے معیار کو نئی بلندیوں تک لے جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں