لائیو سٹاک عملہ کو بلاسود آسان اقساط پر موٹر سائیکلیں فراہم

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت محکمہ لائیوسٹاک حکومت پنجاب کی جانب سے فیلڈ سروس ڈیلیوری کو موثر، تیز رفتار اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کے لئے عملی اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔اسی سلسلے میں ضلع جھنگ میں پیراویٹرنری سٹاف کو بلا سود اور آسان اقساط پر موٹر سائیکلوں کی فراہمی کی ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی۔یہ تقریب لائیوسٹاک کمپلیکس جھنگ میں منعقد ہوئی جس کے مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر جھنگ علی اکبر بھنڈر تھے۔ تقریب میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جھنگ بلال افتخار کیانی،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جھنگ عامر محمود، سابق ممبر صوبائی اسمبلی مہر سلطان سکندر بھروانہ، ڈائریکٹر لائیوسٹاک فیصل آباد ڈویژن ڈاکٹر حیدر علی خان، ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک ضلع جھنگ اور ڈپٹی ڈائریکٹرز لائیوسٹاک جھنگ نے شرکت کی۔ مہمانوں نے پیراویٹرنری سٹاف میں موٹر سائیکلوں کی چابیاں تقسیم کیں۔اس موقع پر ڈائریکٹر لائیوسٹاک فیصل آباد ڈویژن ڈاکٹر حیدر علی خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق فیلڈ سٹاف کو موٹر سائیکلوں کی فراہمی سے مویشی پال کسانوں کو ان کی دہلیز پر بروقت، موثر اور معیاری ویٹرنری سہولیات میسر آئیں گی۔انہوں نے کہا کہ موٹر سائیکلوں کی تقسیم کا یہ سلسلہ مرحلہ وار جاری ہے تاکہ دور دراز دیہی علاقوں میں خدمات کی فراہمی کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ لائیوسٹاک پنجاب فیلڈ سٹاف کی سہولیات میں بہتری کے لئے پرعزم ہے اور اس اقدام سے نہ صرف فیلڈ میں نقل و حرکت آسان ہوگی بلکہ لائیوسٹاک سروسز کی مجموعی کارکردگی میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں