لائیو سٹاک ڈیپارٹمنٹ کسانوں کو معیاری ویٹرنری سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر لائیوسٹاک فیصل آباد ڈویژن ڈاکٹر حیدر علی خان نے ضلع فیصل آباد کے مختلف ویٹرنری اداروں کا دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے ڈپٹی ڈائریکٹر لائیوسٹاک آفس تاندلیانوالہ، سول ویٹرنری ہسپتا ل تاندلیانوالہ، آرٹیفیشل انسیمینیشن سنٹر تاندلیانوالہ اور سول ویٹرنری ہسپتال سمندری کا معائنہ کیا ۔ دورے کے دوران ڈائریکٹر لائیوسٹاک نے حاضری رجسٹر، او پی ڈی، صفائی ستھرائی کے انتظاما ت، کسان لائیوسٹاک بیٹھک ریکارڈ، وزیر اعلی پنجاب لائیوسٹاک کارڈ ریکارڈ، سپلائی چین، ادویات کے سٹاک، سیرا اور ویکسینیشن ریکارڈ سمیت دیگر دفتری و فیلڈ امور کا بغور جائزہ لیا۔ڈاکٹر حیدر علی خان نے فیلڈ سٹاف کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری ذمہ داریوں کی انجام دہی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے پی ایل سی فیز ٹو کی بروقت تکمیل، جاری ویکسینیشن مہم کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے، کولڈ چین کی مکمل دیکھ بھال، موسمی بیماریوں کے حوالے سے کسانوں میں آگاہی، شدید موسمی حالات میں جانوروں کی مناسب دیکھ بھال اور ایس پی ایم ایس 9211 پر ڈیٹا کی بروقت اور درست اپلوڈنگ کو یقینی بنانے پر زور دیا۔انہوں نے مزید کہا کہ لائیوسٹاک ڈیپارٹمنٹ کا بنیادی مقصد کسانوں کو معیاری ویٹرنری سہولیات کی فراہمی اور مویشیوں کی صحت کا تحفظ ہے، جس کے لیے تمام افسران اور عملہ اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں