34

لاہور میں حالات بے قابو

لاہور(بیوروچیف)چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے بعد اسلام آباد پولیس کی ٹیم لاہور پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ گزشتہ روز سے زمان پارک پر موجود ہے جہاں اسے پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے شدید مزاحمت کا سامنا ہے ۔کئی گھنٹے گزر جانے کے بعد بھی اسلام آباد پولیس زمان پارک سے عمران خان کو اب تک گرفتار نہ کرسکی، زمان پارک کے اردگرد پولیس کی اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے جس نے علاقے کو مکمل طور پر گھیر رکھا ہے جب کہ قصور ،گوجرانوالا اور شیخوپورہ سے پولیس کی بھاری نفری بھی پہنچ گئی ہے ، زمان پارک میں پنجاب رینجرز کو بھی طلب کرلیا گیا ہے ۔زمان پارک میں پولیس کی جانب سے آنسو گیس کی شیلنگ کی جارہی ہے اورپی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے پولیس اور رینجرز پر پتھراؤ کیا جارہا ہے ، پتھراؤ سے پولیس اہلکاروں سمیت رینجرز اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں۔پولیس اور کارکنوں کے درمیان جھڑپوں میں اب تک 64 افراد زخمی ہوئے ہیں، زخمیوں میں ڈی آئی جی آپریشنز اسلام آباد شہزاد بخاری بھی شامل ہیں، زخمیوں میں 54 پولیس اہلکار اور 8 شہری شامل ہیں، 51 پولیس اہلکار سروسز اسپتال اور 3 میو اسپتال میں لائے گئے ہیں۔عمران خان کی گرفتاری کے لیے پولیس نے تین اطراف سے زمان پارک کا گھیراؤ کرلیا ہے ، دھرم پورہ، سندرداس روڈ پر پولیس اور پی ٹی آئی کارکنوں کے درمیان چھڑپیں رات بھر جاری رہیں، کارکنوں نے ٹائر جلا کر سڑکیں بلاک کردی، پولیس کارکنوں کو منتشرکرنے کے لیے واٹر کینن کا استعمال کر رہی ہے اور آنسوگیس کی شیلنگ کر رہی ہے ۔ مظاہرین نے پولیس کی واٹر کینن بھی جلادی، پولیس گاڑی کو نقصان پہنچایا، ٹریفک وارڈنز کی موٹرسائیکلیں جلادیں، ریسکیو 1122 کا فائر ٹینڈر آگ بجھانے پہنچا تو کارکنوں نے اسے بھی آگ لگادی۔ سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کے لیے گزشتہ روز کیے جانے والے پولیس آپریشن میں پنجاب اور گلگت بلتستان کی پولیس آمنے سامنے آگئی۔گزشتہ روز پولیس کی بھاری نفری آپریشن کرتے ہوئے زمان پارک کے گیٹ تک جا پہنچی تھی لیکن جیسے ہی پولیس اہلکار عمران خان کی رہائش گاہ کے قریب پہنچے تو وہاں گلگت بلتستان پولیس کے گن مین اور اہلکار بھی موجود تھے جنہوں نے پنجاب پولیس پر گنیں تان لیں جس کے باعث پولیس کو زمان پارک سے باہر نکلنا پڑا، پولیس اہلکار اپنی جان بچانے کے لیے وہاں سے بھاگ نکلے ۔نمائندہ کے مطابق دو صوبوں کی پولیس کے آمنے سامنے آنے پر رینجرز کر طلب کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں