لنڈا بازار کے دکانداروں نے تجاوزات کے خاتمہ کیلئے آنیوالی ٹیم کو یرغمال بنا لیا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) راجباہ روڈ پر لنڈا بازار کے دکانداروں نے تجاوزات کے خاتمہ کیلئے آنیوالی ٹیم کو یرغمال بنا کر تشدد کا نشانہ بنا ڈالا اور ملازمین کی جیبوں سے 20ہزار روپے بھی نکال لئے’ فیکٹری ایریا پولیس نے کارسرکار میں مداخلت کرنے والے عبدالرزاق وغیرہ دو درجن سے زائد دکانداروں کیخلاف مقدمہ درج کر کے تلاش شروع کر دی۔ تفصیل کے مطابق میونسپل کارپوریشن فیصل آباد کے انکروچمنٹ انسپکٹر عامر یعقوب نے بتایا کہ گزشتہ روز وہ اپنی ٹیم اور سرکاری مشینری کے ہمراہ راجباہ روڈ پر لنڈا بازار کے دکانداروں کی طرف سے کی جانیوالی تجاوزات کے خاتمہ کیلئے پہنچے تو دکانداروں نے عملہ کو یرغمال بنا کر تشدد کا نشانہ بنایا اور احتجاجاً روڈ بلاک کر دیا اور بعض ملازمین کی جیبوں سے رقم بھی نکال لی۔ پولیس کے پہنچنے پر دکاندار عبدالرزاق وغیرہ سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے، پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں