لوٹ مار کی شکایات پر ضلعی انتظامیہ کا ایکشن،سرکلر روڈ پر پارکنگ کا نظام پارکنگ کمپنی کے سپرد

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ضلعی انتظامیہ نے پارکنگ فیس کے نام پر لوٹ مار کی شکایات پر سرکلر روڈ پارکنگ کا نظام اپنی تحویل میں لیکر فیصل آباد پارکنگ کمپنی کے سپرد کر دیا جبکہ وکلاء کی جانب سے بیرون کچہری بازار سے گمٹی چوک’ ڈسٹرکٹ اکائونٹ آفس چنیوٹ بازار کی طرف پارکنگ کا نظام اپنے پاس رکھنے پر تنازعہ’ فیصل آباد پارکنگ کمپنی اور وکلاء نے اپنے اپنے ملازمین پارکنگ ایریا میں کھڑے کر دیئے۔ تفصیل کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو شکایات موصول ہو رہی تھیں کہ سرکلر روڈ پر نجی ٹھیکیدار اور اس کے کارندوں نے لوٹ مار کی انتہا کر رکھی ہے۔ گاڑی پارک کرنے پر شہریوں سے 300 روپے یا اس سے بھی زائد رقم وصول کی جاتی ہے اور گاڑی کو فی گھنٹہ کے مطابق پارک کروایا جاتا ہے۔ جسکی وجہ سے اکثر شہریوں اور ٹھیکیداروں کے مابین لڑائی جھگڑے ہوتے رہتے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کی جانب سے پارکنگ فیس کے نام پر لوٹ مار کی شکایات پر فوری ایکشن لیتے ہوئے سرکلر روڈ پارکنگ کا نظام اپنی تحویل میں لیکر فیصل آباد پارکنگ کمپنی کے سپرد کر دیا اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مقررہ کردہ 40روپے کمپیوٹرائزڈ پرچی کے ذریعے وصول کئے جانے لگے اور پارکنگ فیس میں کمی پر شہریوں نے سکھ کا سانس لیا۔ جبکہ وکلاء پارکنگ کا نظام فیصل آباد پارکنگ کمپنی کے سپرد کئے جانے پر میدان میں آ گئے اور پارکنگ سٹینڈ پر اپنے ملازمین کو کھڑا کر دیا اور کہا کہ وہ پارکنگ ٹوکن’ پرچی جاری رکھیں۔ آج ورکنگ ڈے پر پارکنگ کمپنی اور وکلاء میں تصادم کا اندیشہ ہے۔ تاہم ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کسی کو بھی لوٹ مار کی ہرگز اجازت نہیں دینگے۔ ضلعی انتظامیہ نے سرکلر روڈ کا انتظام فیصل آباد پارکنگ کمپنی کے سپرد کرتے ہوئے وہاں پر پولیس اور پیرافورس کی بھی ڈیوٹیاں لگا دی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں