لوکل برانڈ کے سگریٹ کا بڑا ذخیرہ پکڑا گیا

سرگودھا (بیورو چیف) ضلعی انتظامیہ سرگودھا نے تحصیل کوٹمومن کے نواحی قصبہ مڈھ رانجھا میں کارروائی کرتے ہوئے مقامی برانڈ کے سگریٹ کا بڑا ذخیرہ برآمد کر لیا، جو غیر قانونی طور پر فیکٹری میں ہی تیار کر کے ذخیرہ کیا جا رہا تھا۔ڈپٹی کمشنر سرگودھا حسین احمد رضا چوہدری کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر کوٹمومن اختر ملک کی سربراہی میں پیرا فورس، تحصیلدار اور ریونیو ٹیم نے مڈھ رانجھا میں مشترکہ چھاپہ مارا۔ کارروائی کے دوران 15 ہزار سے زائد سگریٹ پیکٹس برآمد ہوئے، جنہیں فوری طور پر تحویل میں لے لیا گیا۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ سگریٹ مقامی برانڈ کے تھے جو اسی فیکٹری میں تیار کیے جا رہے تھے، تاہم ان پر کسی قسم کی قانونی ڈیوٹی یا ٹیکس ادائیگی نہیں کی گئی تھی۔ فیکٹری کو بیک وقت پیداواری یونٹ اور گودام کے طور پر استعمال کیا جا رہا تھا جہاں تیار شدہ سگریٹ مارکیٹ میں سپلائی کے لیے رکھے گئے تھے۔ انتظامیہ نے موقع پر ہی عمارت کو سیل کر دیا جبکہ ذمہ داران کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ڈپٹی کمشنر سرگودھا نے کہا ہے کہ ٹیکس چوری اور غیر قانونی پیداوار میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رہے گی اور ایسے نیٹ ورکس کو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں